ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے ، پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کو تحقیقات کی یکساں کسوٹی پر پرکھا جائے،شاہ محمود قریشی

حکومت نے پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ قائم کر لیا ہے،لاہور میں ٹیکس بارزکے عہدیداروں سے پانامہ لیکس کے معاملے پر مشاورت کے بعد پریس بریفنگ

منگل 10 مئی 2016 19:48

ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے ، پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کو تحقیقات ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے ، مطالبہ ہے کہ پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کو تحقیقات کی یکساں کسوٹی پر پرکھا جائے۔حکومت نے پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ قائم کر لیا ہے، لاہور میں ٹیکس بارزکے عہدیداروں سے پانامہ لیکس کے معاملے پر مشاورت کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے کسی بھی کوشش کی حمائت کرتی رہے گی اسی لئے کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کی بھر پور حمائت کا اعلان کرتے ہیں،،،انہوں نے کہا کہ جس ایوان نے وزیر اعظم کو منتخب کیا وزیر اعظم اسی کے سامنے خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اسمبلی میں نہ آنے تک اپوزیشن ایوان کی کاروائی کے بائیکاٹ کے اعلان پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ٹی او آرز تو مسترد کئیمگر اپنے اتحادیوں کے ٹی او آرز تک غور کرنا پسند نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور،اسلام آباد اور کراچی میں رہنے والے بڑے طبقہ کے چند افراد نے بڑا ڈاکہ مارا،، کرپشن سے لوٹی گئی دولت آف شور کمپنیوں میں لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔

اسحق ڈار تین جون کو چوتھاناکام بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں جو حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی رضا گیلانی کی بازیابی پر یوسف رضا گیلانی اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔دوسری جانب اپنے خطاب سے قبل شاہ محمود قریشی تقریب میں نیند کے مزے بھی لیتے رہے۔تقریب سے لاہور ٹیکس بار کے صدر فرحان شہزاد نے بھی خطاب کیا۔