پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دل کی بیماریوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،عبدالصمد خان

وزیراعظم اور صوبائی وزیر صحت اور وزیر علیٰ سے اپیل ہے غریب مریضوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ہزار اسٹنٹ کی منظوری دیں اور پروگرام کو وسیع کریں تاکہ بلوچستان کے غریب عوام کو دل جیسی نازک بیماری سے چھٹکارہ مل جائے ،اسسٹنٹ کو آرڈینیٹر پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق

منگل 10 مئی 2016 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر عبدالصمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے غریب عوام کیلئے بائی پاس کیلئے پانچ سو اسٹنٹ مہیا کیے تھے جس میں سے 490 مریضوں کا مفت علاج ہوچکا ہے، صرف دس اسٹنٹ باقی بچے ہیں۔ منگل کے روز پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابقہ کونسلر سماج و قبائلی رہنماء اور پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر عبدالصمد خان نے کہا کہ آج کل پاکستان اور خاص کر بلوچستان میں دل کی بیماریوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

ہارٹ اٹیک جو کہ موت کا باعث بنتے ہیں اور اس بیماری کا واحد علاج دل کا بائی پاس آپریشن اور اینجیو پلاسٹی ہے جس پر کم از کم دو سے ڈھائی لاکھ روپے تک خرچ آتا ہے اور یہ غریب آدمی کے بس سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

غریب عوام کے اس درد اور تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت رحمت بلوچ اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ای پروگرام شروع کیا تھا جس کا باقاعدہ آغاز جولائی 2015 ء میں ہوا اور 500 اسٹنٹ مہیا کیے اس وقت ہمارے پاس صرف دس اسٹنٹ بچے ہیں اس لئے ہم وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور صوبائی وزیر صحت اور وزیر علیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ غریب مریضوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ہزار مریضوں کیلئے اسٹنٹ کی منظوری دیں اور پروگرام کو وسیع کریں تاکہ بلوچستان کے غریب عوام کو دل جیسی نازک بیماری سے چھٹکارہ مل جائے اور ان کی زندگی بچ جائے راولپنڈی کارڈیالوجی اور ملتان کارڈیالوجی فعال ہیں مگر کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی افتتاح ہونے کے باجوود آج تک غیر فعال ہے اسے فعال کیا جائے اور اس کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں اور پاکستان کے ہر صوبے میں صحافی برادری کیلئے ایک الگ رہائشی کالونی تعمیر کی جائے اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان چینی ‘ گھی وغیرہ کی کمی کی وجہ سے غریب عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے عوام کو ریلیف دیا جائے این ٹی ایس نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں ملازمتوں کیلئے 1430 پوسٹوں کا ٹیسٹ لیا جس کا رزلٹ بھی آگیا ہے مگر ابھی تک کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکا۔