علی حیدر گیلانی کی صحت بہتر ہے ‘ جلدگیلانی خاندان سے ملوادیا جائیگا ‘افغان سفیر

منگل 10 مئی 2016 16:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء) افغان سفیر زاخیل وال نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی صحت بہتر ہے ‘ جلدگیلانی خاندان سے ملوادیا جائیگا ۔پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیلوال نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ افغانستان کے صوبے غزنی میں افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے ذریعے پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 3 سال بعد القاعدہ سے منسلک ایک گروپ کے قبضے سے بازیاب کروایا گیا۔

عمر زاخیلوال کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی صحت بہتر ہے اور انھیں جلد ان کے خاندان سے ملوا دیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل میں نے یوسف رضا گیانی کو فون کرکے انھیں اس حوالے سے خوش خبری دی تھی وہ صدر اشرف غنی کے بہت مشکور تھے جنھوں نے ان کے بیٹے کی محفوظ بازیابی کے حوالے سے اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

افغان سفیر کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے افغان سیکیورٹی فورسز کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان کے خاندان کے لیے ایک ڈراوٴنے ڈرامے کا خوشگوار اختتام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنان نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ مختلف علاقوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔یوسف رضا گیلانی کو بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سمیت کئی رہنماوٴں کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور مبارک باد دی گئی۔

متعلقہ عنوان :