سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا ٹی ڈیپ نمائشوں کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،بزنس مین پینل

منگل 10 مئی 2016 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء) بزنس مین پینل کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر حاجی غلام علی ،کیپیٹل ریجن کے چیئر مین مرزاعبدالرحمن اورملک بھر سے دیگر رہنماوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی جانب سے ٹی ڈیپ کے زیر اہتمام منعقدہ نمائشوں کے آڈٹ کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے مذکورہ فیصلے نے ہمارے اس موقف کی تائید کردی ہے کہ ٹی ڈیپ کو سیاسی مقاصد اور محض اپنوں کو نواز نے کے لیئے استعمال کیا جارہا ہے ۔

BMPکے رہنماوں نے مطالبہ کیا کہحکومت فوری طور پر قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کراتے ہوئے ٹی ڈیپ کی جانب سے ذاتی تشہیر کے لیئے منعقد کرائی جانے والی نمائشوں کا آڈٹ کرائے بلکہ فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور تمام حقائق بزنس کمیونٹی اور عوام کے سامنے لائے جائیں کہ کس طرح سرکاری خزانے کو بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بزنس مین پینل کے رہنماوٴں نے یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں سینیٹر شبلی فراز کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں ٹی ڈیپ کے معاملات زیر غور آئے اور اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ نمائشوں کے انعقاد میں بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ذیلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر روبینہ خالد اور سینیٹر عثمان کاکڑ نے نمائشوں کے انعقادکے دوران پٹرول بلز سمیت دیگر اخراجات کا جائزہ لیا تھا اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بحیثیت ممبر ٹی ڈیپ استعفیٰ دے دیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں منعقدہ جیمز اینڈ جیولری نمائش کے سلسلے میں وزارت تجارت اور ٹی ڈیپ کے عدم تعاون کی بھی نشاندہی کی ہے اور کہا ہے کہ ٹی ڈیپ نے دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیئے منعقدہ نمائش میں کسی قسم کاکوئی تعاون نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر شبلی فراز نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹی ڈیپ کے سی ای او ایس ایم منیر کی عدم شرکت پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا پہلے ہی ٹی ڈیپ کو ناکارہ قرار دے کر ختم کرنے کا مشورہ دے چکے ہیں ۔بزنس مین پینل کے رہنماوٴں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرکے یہ بات ثابت کردی ہے کہ ان کے پاس قائمہ کمیٹی اور ہماری جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے ۔

لہٰذا وفاقی حکومت قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر ٹی ڈیپ کے زیر اہتمام منعقدہ نمائشوں کا فوری طور پرفرانزک آڈٹ کرائے تاکہ تمام حقائق بزنس کمیونٹی اور عوام کے سامنے آسکیں ۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کی جانب سے متعدد بار اس حوالے سے نشاندہی کی گئی تھی کہ ٹی ڈیپ کے معاملات شفاف انداز میں نہیں چلائے جارہے ہیں لیکن ان سوالوں کا جواب دینے کی بجائے ایف پی سی سی آئی میں بیٹھے ہوئے خودساختہ بھائی جان کے ترجمان اپنے بھائی جان کو بچانے کے لیئے دور کی کوڑیاں لاتے رہے لیکن اب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے ہمارے موقف کی تصدیق کردی ہے ۔لہٰذاحکومت فوری طور پر ایس ایم منیر کوسی ای اوٹی ڈیپ کے عہدے سے برطر ف کر کے فرانزک آڈٹ کرائے۔

متعلقہ عنوان :