پاناما لیکس کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔آرمی چیف

ملکی ترقی اور شفافیت کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،سیاسی محاز آرائی کے باعث آپریشن ضرب عضب بھی متاثر ہوسکتا ہے،آرمی چیف کی ملاقات میں وزیراعظم سے گفتگو ،وزیراعظم کوآرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ذرائع۔۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 10 مئی 2016 16:02

پاناما لیکس کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔آرمی چیف

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی۔2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔جس میں قومی سلامتی اور سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔آرمی چیف نے پاناما لیکس کے ایشو پر ملک میں سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے اثرات ملکی سلامتی اور سکیورٹی کے چیلنجز پر پڑ رہے ہیں۔ سیاسی محاذآرائی کے باعث آپریشن ضرب عضب بھی متاثر ہوسکتا ہے۔جس کے باعث ملکی سالمیت کا تقاضا ہے کہ پاناما لیکس کا مسئلہ جلد حل کیا جائے۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ملکی ترقی اور شفافیت کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کومبنگ آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

ملاقات میں آئی ڈی پیز کی اپنے گھروں میں جلدواپسی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ ملک میں سکیورٹی کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔