قومی اسمبلی اجلاس،فاٹا اصلاحات جلد لائی جائیں گی اور فاٹا کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا،ریاستیں و سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

منگل 10 مئی 2016 15:04

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) ریاستیں و سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کی قربانیاں پوری قوم تسلیم کرتی ہے‘ انہوں نے ہمیشہ ملک کے سپاہی کا کردار ادا کیا ہے‘ فاٹا اصلاحات جلد لائی جائیں گی اور فاٹا کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔

منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فاٹا کی قربانیاں بلاشبہ گرانقدر ہیں۔ فاٹا کے عوام نے 1948ء سے اپنی قربانیوں سے تاریخ رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے ساتھ دو جنگوں کے موقع پر ہمیں ایک بھی سپاہی مغربی سرحدوں پر چھوڑنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ فاٹا کے عوام نے مغربی سرحدوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2007ء میں ایک طالع آزما نے کسی کی جنگ کو پاکستان میں داخل کیا۔

اس موقع پر بھی فاٹا کے عوام نے قربانیاں دیں۔ انہوں نے اپنے گھر چھوڑے اور وطن کے لئے خود کو مشکلات سے دوچار کیا۔ہم فاٹا کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بہت جلد آنے والی ہیں۔ فاٹا کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی وزیراعظم اصولی منظوری دے چکے ہیں۔ اس حوالے سے فیصلہ آج ہی ہو جائے گا۔ فاٹا کے عوام سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں۔