کوہاٹ‘ پولیس کا سرچ آپریشن‘ 2افغان باشندوں سمیت 35مشتبہ افراد گرفتار

منگل 10 مئی 2016 14:48

کوہاٹ۔10 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء )کوہاٹ محمد زئی اور ژواکی بانڈہ میں سرچ آپریشن کے دوران دو افغان باشندوں سمیت 35مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔کارروائی میں غیر قانونی اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کرلی گئی ہیں۔آپریشن کے دوران درجنوں گھروں کی تلاشی لی گئی اور پچاس گاڑیوں و سو سے زائد مشکوک افرادکو چیک کیا گیااور ایک مشکوک موٹر سائیکل قبضے میں لی گئی۔

پولیس کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی میں تھانہ کینٹ سے ملحقہ گاؤں محمد زئی اور ژواکی بانڈہ کا محاصرہ کرتے ہوئے پولیس نے مشکوک گھروں کی تلاشی لی اور مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔پولیس کو ان چھاپوں کے دوران غیر قانونی مقیم دو افغان باشندوں سمیت 35مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا اور ان میں سے بعض افراد کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

گرفتار افراد کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایک ایس ایم جی گن، دو ریپیٹر ،پانچ پستول،سات چارجرز، درجنوں کارتوس شامل ہیں۔سرچ آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے علاقے کے درجنوں گھروں کو چیک کیا اور رجسٹریشن کے بغیر کرایہ کے گھر میں مقیم خاندان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔آپریشن میں علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے پولیس نے موبائل وہیکل ویریفیکیشن سروس کے ذریعے 50گاڑیو ں اور سی آر وی ایس سروس کے ذریعے سو سے زائد مشکوک افراد کو چیک کیا اور اس دوران ایک مشکوک موٹر سائیکل کو بھی چھان بین کیلئے قبضے میں لیا گیا۔آپریشن میں گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے تھانہ چھاؤنی منتقل کر دیا گیا۔