بہاولپور،تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام ،کالعدم تنظیموں کے 5 کارندے گرفتار

منگل 10 مئی 2016 13:39

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے ، دریائے ستلج کے قریب بڑے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کے 5 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی پولیس نے حساس اداروں کی معلومات پر کارروائی کر کے پانچ خطرناک دہشت گردوں کوگرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹیم نے دریائے ستلج پر واقع ریلوے کے ایمپریس پْل پر چھاپہ مارا اور عثمان، نعمان، عبد الحمید، سکندر الیاس اور محب اللہ کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مبینہ دہشت گرد، تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے اور کراچی سے لاہور جانے والے ریلوے پْل کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی کی ٹیم نے کارروائی کے دوران 5 ریموٹ کنٹرول بم، دیگر گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کیا۔شہری دفاع کی آفیسر فاطمہ کا کہنا تھا کہ بم ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں فوری جائے وقوع پر پہنچیں اور پانچوں بموں کو ناکارہ بنادیا۔