بجٹ میں 4نئے ایکسپو سنٹر کیلئے 6ارب مختص کرنے کی تجویز خوش آئند ہے‘خادم حسین

منگل 10 مئی 2016 13:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر وایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز خادم حسین نے نئے وفاقی بجٹ میں پاکستانی صنعتی مصنوعات کی نمائش اور پاکستانی مصنوعات کی پروموشن کیلئے 4نئے ایکسپو سنٹر کیلئے 6ارب مختص کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ایکسپو سینٹر کے قیام سے پاکستانی مصنوعات کی نمائش سے ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ نئے ایکسپو سینٹر کی تعمیر لاہور ، فیصل آباد، پشاور اور کوئیٹہ میں کی جائے گی وزارت تجارت کی رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں چار نئے ایکسپو سنٹر کے قیام کی تجویز دی ہے جس سے تجارتی نمائشوں، صارفین کے میلوں اور کانفرنسز سمیت دیگر مختلف تقریبات کی مددسے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ 4نئے ایکسپو سینٹرز کو بین الاقوامی ضروریات کے پیش نظر تعمیر کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی دیگر ممالک میں آن لائن نمائش بھی کی جاسکے گی۔حکومت کے اس اقدام سے صنعتکاروں کو اپنی مصنوعات کیلئے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی اور ان کے کاروبار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی ریونیو بھی بڑھے گا جس سے حکومت کو اپنی مالی خسارہ کو قابو پانے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔