سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی سے تحقیقات جاری ہیں،تحقیقات میں جو بھی پیش ر فت ہوگی اپوزیشن سمیت حکومتی ارکان کومکمل اعتماد میں لیاجائیگا، نصیرآباد زرعی یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ ضرور پوراکیاجائے گا

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال

پیر 9 مئی 2016 22:57

کوئٹہ۔09 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں پیرکو شروع ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ایوان کویقین دلاتے ہوئے کہا کہ سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی سے تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات میں جوبھی پیش ر فت ہوگی اپوزیشن سمیت حکومتی ارکان کومکمل اعتماد میں لیاجائیگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کاکہناتھاکہ وسیع پیمانے پرہونے والے بدعنوانی بہت بڑا واقعہ ہے نیب سیکرٹری خزانہ کے ہرپہلوں سے تحقیقات کررہا ہے ۔اپوزیشن اسمبلی کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی بجائے تحقیقات آنے تک انتظارکریں ۔اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کس طرح اتنی خطیررقم خرد برد کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرحکومتی اورحزب اختلاف کے ارکان بیک وقت بولتے رہے جس پراسپیکر نے پندرہ منٹ کے لیے کارروائی ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد پینل چیئرمین میرعاصم کردگیلو کے زیرصدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی طرف سے اسمبلی میں تحریک پیش کی، بحث کاآغاز کرتے ہوئے نصراللہ زیرے کہاکہ طویل خشک سالی سے بلوچستان میں زراعت اورلائیوسٹاک سب زیادہ متاثرہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ لوگ جوپہلے زراعت اور لائیوسٹاک سے وابستہ تھے ان سب نے شہروں کارخ کیا جس کی وجہ سے شہروں میں مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔

بلوچستان میں زراعت کے شعبے میں ریسرچ کی ضرورت ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیرڈاکٹرحامد خان اچکزئی ،جان جمالی ،رحمت صالح بلوچ ،یاسمین لہڑی ،محمدخان لہڑی نے کہاکہ وفاقی حکومت پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے شعبہ زراعت کے لیے فنڈز مختص کرے تاکہ صوبے میں زراعت سے وابستہ افراد کوریلیف فراہم کیاجاسکے ۔صوبائی وزیر زراعت سرداراسلم بزنجو نے کہاکہ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان زراعت کیلئے فنڈز مختص کریں اورزرعی یونیورسٹی نصیرآباد کے قیام کویقینی بنائیں ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ نصیرآباد زرعی یونیورسٹی کا عوام سے جووعدہ کیاہے وہ ضرور پوراکیاجائے گا۔جس پر اسپیکرنے اجلاس 12 مئی تک ملتوی کردیا۔