شہبازشریف کا ایک اور جذباتی اورپرجوش خطاب

عمرہ کرکے واپس آتے ہی جھوٹ بولنے والے سیاستدان پر تنقید میڈیا کرپشن کی گرفت کے ساتھ اچھے کامو ں کی تحسین بھی کرے

پیر 9 مئی 2016 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایوان وزیراعلیٰ میں اپناروزگار سکیم کے تحت 50ہزار گاڑیوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے ایک بار پھرجذباتی اورپرجوش انداز میں خطاب کیا ۔وزیراعلیٰ نے مری میں ایک عمارت کی تزئین و آرائش کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لینے پر ایک سیاستدان کا نام لئے بغیر کہا کہ ابھی آپ عمرہ کر کے آئے ہیں اور آتے ہی جھوٹ بولنا شروع کردیا ہے۔

مری میں میری رہائش گاہ پر نہیں بلکہ گورنر ہاؤس پررقم خرچ ہورہی ہے،آپ نے غلط بات کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنا روزگار سکیم کے تحت 2011ء میں 20ہزاراور اب 50ہزار گاڑیاں لینے والے نوجوانوں کو عظیم پاکستانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے قرضے لے کر گاڑیاں لی اوران قرضوں کو واپس کیا ہے ،جس کا ریکوری ریٹ 99.9فیصد ہے جبکہ دوسری طرف وہ قرض معاف کرانے والے ’’بڑے لوگ ‘‘ہیں جن کے محلات بھی ہیں ،جہا زبھی ،کارخانے بھی ،آف شورکمپنیاں بھی اوربچوں کے نام اربوں کھربوں روپے اثاثے بھی۔

(جاری ہے)

اب ان’’ بڑوں‘‘ کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تقریر کے اختتام پرپاکستان کو عظیم ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔پاکستان کی تقدیر بدلے گی ۔عوام خوشحال ہوں گے اورپاکستان کو عظیم بنائیں گے۔پاک سوزوکی کے ایم ڈی نے پنجاب حکومت کو2کروڑ روپے کی ہیوی موٹر سائیکلوں کا تحفہ دیا اور وزیر اعلی کو علامتی چابی پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اپنا روزگار سکیم کے تحت فی گاڑی40ہزار روپے کم کرائے گئے جس سے 2ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ روپے کے مقابلے میں جاپانی کرنسی(ین) سستا ہونا کابھی فائدہ لیا گیا اوراس سے 50کروڑ روپے بچائے گئے۔اس طرح اس سکیم میں مجموعی طورپر اڑھائی ارب روپے کی بچت کی گئی ہے ۔وزیر اعلی نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کو سامنے لائے کیونکہ یہ قابل گرفت ہے تا ہم اچھے کاموں کی تحسین بھی کرنا میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے تا کہ لوگوں میں شعور اورآگہی پیدا ہو۔

متعلقہ عنوان :