Live Updates

عمران خان تین سال کنٹینر سے نہیں اترے اس لئے وزیراعظم نوازشریف پختونخوا کے عوام کی خدمت کرنے نکلے ہیں،عمران خان کی مزید اے ٹی ایم مشینیں منظر عام پر آ گئی ہیں، وہ ان کے ناکارہ ہونے سے گھبرا رہے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے 2 ہزار کرسیاں بھرنے کیلئے پورے صوبے سے لوگ بلائے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا بیان

پیر 9 مئی 2016 22:29

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان تین سال میں کنٹینر سے نہیں اترے اس لئے وزیراعظم نوازشریف پختونخوا کے عوام کی خدمت کرنے نکلے ہیں،عمران خان کی مزید اے ٹی ایم مشینیں منظر عام پر آ گئی ہیں، وہ ان کے ناکارہ ہونے سے گھبرا رہے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے 2 ہزار کرسیاں بھرنے کیلئے پورے صوبے سے لوگ بلائے۔

پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشرف کے ساتھیوں کو گنتے ہوئے عمران اپنا آپ بھول جاتے ہیں۔ عمران خان خیبرپختونخوا کے جس احتساب کی مثال دے رہے ہیں اس احتساب کمیشن کا ڈی جی خود انصاف مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں کارکردگی دکھاتے تو آج بڑے میدان کی جگہ تنگ چوراہوں پر جلسے نہ کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنوں کا جلسہ دن کی روشنی میں ہوا تھا، عمران خان ناکام جلسوں کو چھپانے کے لئے رات کا سہارا لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کر کے انتخابی جلسہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو تین سالوں میں نیا پختونخوا نظر نہیں آیا۔ عمران خان تین سال میں کنٹینر سے نہیں اترے اس لئے وزیراعظم نوازشریف پختونخوا کے عوام کی خدمت کرنے نکلے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات