ا پوزیشن عدالتی کمیشن اورٹی اوآرزکی شرائط سے دستبردار ہو جائے ہم وزیراعظم کو پانامہ لیکس پر وضاحت کیلئے ایوان میں لے آئیں گے

قومی اسمبلی میں پختونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی کی حزب اختلاف کو پیشکش

پیر 9 مئی 2016 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں پختونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم نواز شریف کی ایوان سے عدم شرکت پر اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والی اپوزیشن کو تجویز دی ہے کہ وہ وزیراعظم کو پانامہ لیکس پر ایوان میں وضاحت کیلئے لے آئیں گے بشرطیکہ اپوزیشن معاملے کی تحقیقات کیلئے عدلاتی کمیشن اور اپنے ٹی او آرز کی شرائط سے دستبردار ہو جائے۔

پیر کو سپیکر سردار ایاز صادق کی ہدایت پر اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد انہیں منانے کیلئے وفاقی وزیراء پرویز رشید، برجیس طاہر اور ریاض پیرزادہ کے ہمراہ محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن لابی میں اپوزیشن قائدین حزب اختلاف سید خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی ارو ڈاکٹر عبدالستار سمیت دیگر سے مذاکرات کئے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن نے اپنا مطالبہ دہرایا کہ وزیر اعظم اجلاس میں آ کر پانامہ لیکس بارے وضاحت کریں، اپوزیشن اجلاس کا بائیکاٹ ختم کر دے گی جس پر محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ اگر اپوزیشن اپنے ٹی او آرز سمیت معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی شرائط پر اصرار نہ کرے تو وہ وزیر اعظم کو ایوان میں آ کر وضاحت کرنے پر راضی کرلیں گے، اپوزیشن نے محمود خان کی تجویز پر فوری جواب دینے کی بجائے مشاورت کر کے جواب دینے کیلئے وقت لے لیا۔