موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے ٗ اپنے تین سالہ دور حکومت کے احتساب کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ٗپرویز رشید

سابق حکومتوں کے ادوار میں پی آئی ڈی میں ہونے والے اخراجات کی بھی چھان بین ہونی چاہئے ٗاجلاس سے خطاب پاکستان کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے، پوری دنیا میں انسانی تہذیب کی ترقی کیلئے قدیم پاکستان کا کردار واضح ہے ٗتقریب سے خطاب

پیر 9 مئی 2016 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اپنے تین سالہ دور حکومت کے احتساب کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ پیر کو یہاں سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں وزارت میں نااہل افراد کو بھرتی کیا گیا جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کیلئے کئی مسائل پیدا ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف پی ٹی وی میں تین سالہ دور میں ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات فراہم کرے گی بلکہ گذشتہ 10 سالوں میں پی پی پی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حکومتوں میں ہونے والی تقرریوں کی تفصیلات دے گی تاکہ قائمہ کمیٹی خود اس صورتحال کا موازنہ کر سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کامل علی آغا کا احترام کرتے ہیں تاہم ہمیں محکموں میں کلچر ورثہ میں ملا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گذشتہ تین مہینوں اور تین سالوں میں پی آئی ڈی کے اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے تاہم صرف گذشتہ تین سالوں میں پی آئی ڈی کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنا غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے ادوار میں پی آئی ڈی میں ہونے والے اخراجات کی بھی چھان بین ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سیکرٹ فنڈز سمیت ماضی کی بہت سی غلط روایات کو ختم کیا، ماضی کی حکومتوں نے سیاسی، ذاتی اور پارٹی مفاد کیلئے سیکرٹ فنڈ کا بے دردی سے استعمال کیا۔

انہوں نے کامل علی آغا کے جذبہ کی تعریف کی تاہم انہوں نے کہا کہ کسی کو موجودہ حکومت سے تعصب نہیں برتنا چاہئے کیونکہ حکومت کی ہر چیز شفاف اور ریکارڈ پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سینٹ کمیٹی اس سلسلہ میں قواعد میں ترمیم چاہتی ہے تو حکومت اس سے پورا تعاون کرے گی۔ قبل ازیں وزارت خارجہ میں قدیم پاکستان کے عنوان سے تین روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاکہ پاکستان کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے، پوری دنیا میں انسانی تہذیب کی ترقی کیلئے قدیم پاکستان کا کردار واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد ہماری وزارت خارجہ کا اقدام درحقیقت قابل ستائش ہے۔ ایسے اقدامات سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اس اعتبار سے منفرد ہے کیونکہ اس میں صوبائی محکمہ آثار قدیمہ اور ملک کے اہم عجائب گھر ایک چھت کے نیچے جمع ہیں۔ ہمارے غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان کے حوالے سے عشروں اور صدیوں کی معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سفارتی عملہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی تا کہ دیگر ممالک میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے اور اقوام عالم اور ریاستوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کا راستہ ہموارہو سکے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزارت خارجہ پاکستان کے مثبت تشخص کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :