اپوزیشن پاناما لیکس کی تحقیقات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے ٗسردار محمد یوسف

حکومت پاناما لیکس پر تحقیقات کیلئے تیار ہے ٗاپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ٗ وفاقی وزیر

پیر 9 مئی 2016 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اپوزیشن پاناما لیکس کی تحقیقات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما لیکس پر تحقیقات کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب کر کے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جا رہا ہے، ان کی تجویز تھی کہ سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز سے تحقیقات کرائی جائیں، اب حکومت تحقیقات کیلئے تیار ہے لیکن پاناما پیپرز کی دوسری لسٹ آنے کے بعد اب اپوزیشن تحقیقات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو ٹی او آرز کے حوالے سے اچھی آفر آئی ہے، اپوزیشن کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔