وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداور کا پاکستان اسٹیل کے سی ای او کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سٹیل ملزکا دورہ

پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، وزارتِ صنعت و پیداوار حکومت پاکستان اور موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی ترجیحات میں شامل ہیں، فروری ، مارچ اور اپریل کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے جامع سمری وزارتِ نجکاری کمیشن اور خزانہ کو ارسال کی چکی ہے، خضر گوندل کا اجلاس سے خطاب

پیر 9 مئی 2016 20:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداور خضر حیات گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، وزارتِ صنعت و پیداوار حکومت پاکستان اور موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وہ پیر کو پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پاکستان اسٹیل کے اوّلین دورے کے موقع پر ادارے کے سینئر افسران سے آپریشنز بلڈنگ ، بن قاسم کراچی میں ایک اجلاس سے خطا ب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہوں کی ایک ہفتے کے دوران ادائیگی کے لئے تیز تر اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ بقیہ 3 مہینوں (فروری ، مارچ اور اپریل2016 ء) کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ایک جامع سمری وزارتِ نجکاری کمیشن اور وزراتِ خزانہ حکومت پاکستان کو ارسال کی چکی ہے۔

(جاری ہے)

ماہ مئی2016 ء کے اواخر میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) سے منظور ی حاصل کرکے جلد تنخواہوں کی ادائیگی کی جاسکے گی۔

علاوہ ازیں، پاکستان اسٹیل کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کیلئے بھی رقم مختص کرانے کیلئے ایک اور سمری پیش کردی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث جن مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، وزارتِ صنعت و پیداوار حکومت پاکستان کو اِس اَمر کا بخوبی اِدراک ہے،اِس موقع پر خضر حیات گوندل نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تحمل مزاجی قابلِ ستائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار کے سیکریٹری کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوراً بعد گذشتہ 8 برسوں سے مسائل میں گھِرے ہوئے پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنا بہت بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور بہتری کے لئے فوری اور ضروری اقدامات کرنے پر ہماری بھرپور توجہ مرکوز ہے، اُمید ہے اِن اقدامات کی بدولت قومی ادارہ پاکستان اسٹیل اور اس کے ملازمین استفادہ کریں گے، وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار اور سی ای او پاکستان اسٹیل خضر حیات گوندل نے پاکستان اسٹیل کے پیداواری کارخانوں اور ڈاؤن اسٹریم انڈسریل اسٹیٹ کادورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :