Live Updates

پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا فضل الرحمن اس کا بھی وزیر بن جائیگا،میاں صاحب اپنے ایمپائر کھڑے کردو،آپ کو ہرا کردکھاونگا

کرپشن کے خلاف جاری تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا ہے،ایک آپ کا کپتان ہے اور کرپشن بچانے کا کپتان میاں صاحب ہے،درانی کہتا ہے کہ میاں نواز شریف حکم کرے خیبر پختونخواہ کی حکومت گرا سکتا ہوں،کیایہ اسلام ہے کہ رشوت دے کر حکومت گراؤ،اصل ایمپائر اللہ ہے وہ مالک ہے،نواز شریف نے اپوزیشن،الیکشن کمیشن،نادرا،نیب سب کو کنٹرول کرلیا،لیکن اللہ نے ایسا کیا کہ پاناما پیپرز میں نواز شریف کے بچوں کے نام آف شور کمپنیزنکل آئیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پشاور میں جلسہ عام خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 9 مئی 2016 19:57

پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا فضل الرحمن اس کا بھی وزیر ..

پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09مئی۔2016ء) :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن ٹائیگر ہیں،انہیں گولی نہیں ڈرا سکتی، پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا اس کا بھی وزیر بن جائیگا،درانی کہتا ہے کہ میاں نواز شریف حکم کرے خیبر پختونخواہ کی حکومت گرا سکتا ہوں،کیایہ اسلام ہے کہ رشوت دے کر حکومت گراؤ،اصل ایمپائر اللہ ہے وہ مالک ہے،نواز شریف نے نیب،اپوزیشن،نادرا سب کو کنٹرول کرلیا،لیکن اللہ نے ایسا کیا کہ پاناما پیپرز میں نواز شریف کے بچوں کے نام آف شور کمپنیزنکل آئیں۔

انہوں نے پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں جلسہ تمبوں میں ہوا،تین صحت مند آدمی دیکھے،تینوں نے کالی عینکیں لگائی ہوئی تھیں،ایک پاناما لیکس والے میاں شریف،دوسرا ڈیزل کے نام سے جانتے ہیں،تیسرا نام اکرم خان درانی بڑا شور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اکرم کہتا ہے کہ میاں صاحب آپ حکم کریں بنی گالہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دونگا،اکرم سےکہتا ہوں کہ بنی گالہ تو دور ہے میں پرسوں بنو آرہا ہوں، اکرم درانی تم تیار رہو۔

درانی کہتا ہے کہ میاں نواز شریف حکم کرے خیبر پختونخواہ کی حکومت گرا سکتا ہوں۔اس کا مطلب وہ رشوت دے کر ہمارے ایم پی اییز کو خریدے گا۔یہ شخص اس جماعت میں ہے جو علماء اسلام جماعت میں ہے کیایہ اسلام ہے کہ رشوت دے کر حکومت گراؤ۔انہوں نے کہاکہ اکرم اللہ کے خوف سے ڈرو،شرم کرو ۔انہوں نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ آپ ہمارے ممبران کی قیمت لگاؤ اچھا ہوگا کہ ہماری پارٹی صاف ہوجائیگی،ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے جن کی قیمت ہو۔

انہوں کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ضمیر کا سودا کرناشرک ہے۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مولانا کہتے کہ عمران یہودیوں کا ایجنٹ ہے میں کہتا ہوں کہ مولانا کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو ایجنٹ کی ضرورت نہیں۔مولانا مشرف دور میں مشرف کے ساتھ،پھر پیپلزپارٹی کے ساتھ اب نواز شریف کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو مولانا اس کا بھی وزیر بن جائیگا۔

اور وزیر بن کر فتویٰ دے گا کہ یہودی وزیراعظم کے نیچے اسلام اجازت دیتا ہے ۔مولانا صاحب آپ کی سیاست کے دن ختم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے میاں صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے کہا کہ کدھر ہے نیا پختونخوا ۔میاں صاحب آپ کو نیا پختونخوا نظر نہیں آرہا کیونکہ آپ غلط جگہ نیا پختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں ۔میاں صاحب کا خیال ہے کہ ایک سڑک بنا دو تو ملک ترقی کر لے گا ۔

میاں صاحب میں آپ سے ایک سوال پوچھتا ہوں کہ جرمنی اور جاپان میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ان کی ایک پل ایک سڑک نہیں بچی تھی تو ایک کی ڈویلپمنٹ کے مطابق ان کا تو وجود بھی ختم ہو جانا چاہیے تھا ۔میاں صاحب قومیں سڑکیں بنا کر نہیں بنتی قومیں اس طرح بنتی ہیں جب آپ قوم کو روزگار دیں ،ان کی مدد کریں ،ان کی خدمت کریں ۔جب آپ نوجوانوں کی تعلیم پر پیسہ خرچ کریں گے ان پر سرمایہ کاری کریں گے یہ خود ہی پل بھی بنائیں گے سڑکیں بھی بنائیں گے اورملک کو بھی عظیم ملک بنا دیں گے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تیس سال سے عمران خان کہہ رہا تھا کہ نواز شریف نے کرپشن کی ۔لوگ کہتے تھے کہ زرداری زیادہ کرپٹ ہے ۔پانامہ کا انکشاف ہوا میاں صاحب اس کا جواب دینے کے بجائے مظلوم بنے ہوئے ہیں ۔اللہ تعالی کو پاکستان پر ترس آگیا اللہ تعالیٰ نے سوموٹو ایکشن لے لیا ۔انکشاف ہو گیا ۔آٹھ ملکوں کے سربراہوں کے پانامہ لیکس میں نام آگئے جس میں ایک محمد نواز شریف تھا ۔

جب امپائر کی انگلی کھڑی ہو جائے تو پویلین میں واپس جانا پڑتا ہے ۔اصل امپائر اللہ ہے ۔نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو بھی قابو کرلیا ۔نیب کو بھی قابو کرلیا ۔ایف آئی اے کو بھی قابو کر لیا ۔نادرا کو بھی کنٹرول کرلیا ۔نواز شریف سمجھا کہ سارے میرے قابو آگئے ہیں ۔سوائے عمران خان کے ۔عمران خان شور مچاتا رہے سارے میرے ساتھ ہیں لیکن پانامہ میں نواز شریف کے بچوں کے نام پر کمپنیز نکلیں ۔

میاں صاحب پھنس گئے ۔عمران خان نے کہا کہ میرا کام ہے کہ جب لوگوں کا پیسہ چوری ہو اس پر بات کروں ۔میاں صاحب جواب دیں کہ آپ کے بچوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ۔لندن میں آپ نے اتنی مہنگی جائیدادیں کہاں سے خریدیں ۔میاں صاحب کو جواب دینا چاہیے تھا جس طرح برطانیہ کے ڈیوڈ کیمرون نے جواب دیا ۔چھ سال کے تمام ٹیکس پارلیمنٹ کے سامنے لے آیا ۔

میاں صاحب نے ملک کے چکر لگانا شروع کر دیئے کبھی مانسہرہ،کبھی بنوں اور کبھی سکھر میں جلسے کئے ۔میاں صاحب نے سکھر میں جلسہ کیا ۔ایئرکنڈیشنڈ جلسہ ہوا ۔تمبو میں ایئرکنڈیشن چل رہا تھا ۔چالیس ڈگری کی گرمی میں پشاور میں میرے ٹائیگر کھڑے ہوئے ہیں اس کو جلسہ کہتے ہیں ۔عمران خا ن نے کہا کہ جب آپ کا لیڈر ایماندار اور سچا ہوتا ہے تو قوم ترقی کرتی ہے ۔

جب آپ کا لیڈر کرپٹ ہوتا ہے تو قوم کو تباہ کر دیتا ہے ۔پختونخوا میں ہم نے اپنی نیب بنائی اس نے تحریک انصاف کے وزیر کو پکڑ لیا ۔پاکستان میں ایسا کبھی بھی نہیں ہوا ۔وہ احتساب کا قانون ٹھیک نہیں تھا ہم ایک نیا احتساب کا قانون اسمبلی میں لے کر آئے ہیں یہ قانون اس سے بہتر ہے ۔نواز شریف آپ کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر آپ بے قصور ہیں آپ پاکستان میں وہی احتساب کا قانون لیکر آئیں جو ہم خیبرپختونخوا میں لائے ہیں ۔

عمران خان نے جوشیلے انداز میں کہا کہ زبردست میچ ہونے والا ہے ۔ ٹونٹی ٹونٹی میچ ہونے والا ہے ایک کپتان آپ کا کپتان ہے اور کرپشن بچانے کا کپتان میاں صاحب ہے ۔آپ جانتے ہیں کہ میاں صاحب نے کبھی بھی اپنے امپائر کھڑے کئے بغیر میچ نہیں کھیلا ۔میاں صاحب آپ اپنے امپائر کھڑے کر دیں میں پھر بھی آپ کو میچ ہراؤں گا ۔عمران خان نے کہا کہ میں ایک ہی لیڈر کو مانتا ہوں جس کا نام تھا قائد اعظم محمد علی جناح ،ایک ایماندار لیڈر تھے ۔

دنیا ان کی عزت کرتی تھی ۔ایک طرف قائداعظم کا پاکستان ہے اور ایک طرف یہ جو تھوڑے سے لوگ جو ملک پر قبضہ کر کے بیٹھے ہیں ان کے خلاف مقابلہ ہے ۔یاد رکھنا ملک مضبوط اداروں سے بنتے ہیں پر اور ادارے تب بنتے ہیں جب میرٹ ہو ۔نواز شریف ادارے کیسے بہتر کرے گا اس نے تو کرکٹ ہی تباہ کر دی ۔نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنایا کیونکہ اس نے الیکشن میں دھاندلی کی تھی ۔

ایک ایک ادارہ نواز شریف نے تباہ کیا ہے ۔پاکستان کو مقروض کیا ۔ہر پاکستانی پر آج ایک لاکھ بیس ہزار روپے قرضہ چڑھ چکا ہے ۔جب دس سال پہلے ایک پاکستانی پر 35ہزار روپے قرضہ تھا آج ایک لاکھ بیس ہزار قرضہ چڑھ چکا ہے یہ قرضوں کی قسطیں آ پ ادا کر یں گے ۔ٹیکس آپ دیں گے ۔جب آپ فون کارڈ لیتے ہیں ہر فون کارڈ کے اوپر 43روپے ٹیکس لگتا ہے ۔ڈیزل کے اوپر سو فیصد ٹیکس ہے ۔

مٹی کے تیل پر ساٹھ فیصد ٹیکس ہے ۔ہر ٹیکس پر ٹیکس ہے ۔یہ ٹیکس آپ دیتے ہیں ۔عوام ٹیکس دیتے ہیں اور یہ ٹیکس کے پیسے چوری کر کے ملک سے باہر لے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چار حلقے مانگے تھے ۔تین وکٹیں گر گئی تھیں ۔ابھی چوتھی وکٹ گرنے والی ہے ۔خواجہ آصف کے حلقے میں جو سپریم کورٹ کے پیچھے چھپا ہوا تھا تیس ہزار جعلی ووٹ نکلے ہیں۔ابھی چوتھی وکٹ بھی گرے گی اور انشاء اللہ ہم یہ ثابت کریں گے کہ الیکشن کمیشن نے مل کر (ن)لیگ کے ساتھ تاریخی دھاندلی کی تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات