Live Updates

اعتزاز احسن 10سال سے ملک ریاض کے ــ’’پے رول‘‘ پر ہیں ، یہ بات غلط ثابت ہو جائے تو عہدے سے مستعفی ہو جاؤں گا ‘ نیب کو اتنا آزاد اور خود مختار کیا جائے و ہ تمام اداروں کا بھی احتساب کرسکے ‘اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے خلاف تحریک کی آڑ میں دراصل مہم جوئی کرکے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے ، لوگ پوچھتے ہیں کہ اگر راجہ رینٹل بھی کرپشن کے خلاف احتجاج کرے تو پھر ملک میں قیامت آنے والی ہے ،علیم خان اپنے اثاثے بعد میں لے کر آئیں پہلے حساب دیں،عمران خان ہمیں بھی یہ طریقہ بتا دیں جس میں 29لاکھ روپے سے 43کروڑ مالیت کا فلیٹ خریدا جا سکتا ہے

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن 10سال سے ملک کے لینڈ مافیا ملک ریاض کے ــ’’پے رول‘‘ پر ہیں اگر یہ بات غلط ثابت ہو جائے تو میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جا?ں گا ، نیب کو اتنا آزاد اور خود مختار کیا جائے کہ وہ حکومتوں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے لوگوں کا بھی احتساب کرے ، کوئی کامران کیانی ہو یا کوئی اور سب کا احتساب ہو گا اور ہونا چاہیے ،اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے خلاف تحریک کی آڑ میں دراصل مہم جوئی کرکے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے اور اپوزیشن کا یہ رویہ جمہوری سسٹم پر حملہ ہے ، لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ اگر راجہ رینٹل بھی کرپشن کے خلاف احتجاج کرے تو پھر ملک میں قیامت آنے والی ہے ،علیم خان اپنے اثاثے بعد میں لے کر آئیں پہلے حساب دیں،عمران خان ہمیں بھی یہ طریقہ بتا دیں جس میں 29لاکھ روپے سے 43کروڑ مالیت کا فلیٹ خریدا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ رانا ثناء اﷲ خان نے کہاکہ عمران خان ادھر ادھر کی ہاہکنے کے بجائے ذوالفقار ذلفی کی آف شور کمپنیوں اور اس میں ہونے والی سرمایہ کاری کا حساب دیں اور قوم کو بتائیں کہ کیا اگر کوئی نامسائد حالات میں بیرون ملک کاروبار لے کر جائے اور کوئی زکوۃ اور کوئی صدقات کے پیسے آف شور کمپنیوں میں استعمال کرے تو دونوں میں سے کون سا بڑا جرم ہے ؟۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے خلاف احتجاج کی آڑ میں ملک میں جمہوری سسٹم پر حملہ آور ہو رہی ہیں اور اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر مسائل کو حل نہ کرے لیکن پانامہ لیکس کی دوسری قسط نے پوری اپوزیشن کو پاجامہ پہنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اعتزاز احسن کی بطور وکیل عزت کرتاہوں لیکن وہ ملک ریاض کے پے رول پر ہیں اور وہ ملک ریاض کو ریلیف دلوانے کیلئے افتخار محمد چودھری کے پاس بھی گئے لیکن جب وہاں سے انکار ہوا تو ان کے صاحبزادے کے خلاف ایڈونچر کیا گیا اگر اعتزازاحسن ملک ریاض کے پے رول پر ثابت نہ ہوں تو میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جا?ں گا۔

انہوں نے کہاکہ نیب کو ملک میں سب کا احتساب کرنے کا حق اور اختیار ہونا چاہیے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں نیب کو طاقتور کرنے کیلئے اگر ضروری ہیں تو قوانین میں ترامیم کرے تاکہ نیب کامران کیانی جیسے لوگوں پر بھی ہاتھ ڈال سکے اور میں سمجھتا ہوں کہ نیب کو حکومتوں ، سیاستدانوں ہی نہیں تمام اداروں کا بھی احتساب کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبد المالک کی ایمانداری کی پوری قوم گواہی دیتی ہے اور اگر ان کے دور میں کوئی کرپشن ہوئی ہے تو اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتی اس وقت تک ڈاکٹر عبد المالک کے خلاف کوئی بات نہیں کی جا نی چاہیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات