ملائشیا کا سرکردہ گروپ آف کمپنیز لاہور میں جدید تفریحی پارک تعمیر کرنے پر رضامند

پارک کے لیے 300 ایکڑ اراضی درکار ہو گی، موٹر وے کے قریب کوئی جگہ بہترین رہے گی، ملائشین وفد وزیر اعلیٰ نے صوبے میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، مس آمنہ چیمہ

پیر 9 مئی 2016 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) ملائیشیا کے ایک بڑے گروپ آف کمپنیز نے لاہور میں خصوصی تفریحی پارک قائم کرنے میں حتمی دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے ایشیئن ریٹیل چینز اینڈ فرنچائز فیڈریشن نامی گروپ کے نمائندوں نے گزشتہ روز پنجاب سرمایہ کاری بورڈ (پی بی آئی ٹی ) کے دفتر کا دورہ کیا اور تفریحی پارک کے منصوبے میں گہری دلچسپی دکھائی۔

وفد کے اراکین نے پی بی آئی ٹی کی ٹیم کو بتایا کہ اس منصوبے کے لیے ایسی جگہ پر 300 ایکڑ زمین درکار ہو گی جہاں بہ آسانی رسائی ممکن ہو، اور موٹر وے کے قریب کا کوئی مقام بہترین رہے گا۔وفد کے اراکین یہ معلوم کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے کہ زمین کی قیمت، نئی کے علاوہ پرانی مشینری کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ اور دیگر رعایتیں کیا ہوں گی۔

(جاری ہے)

گروپ نے پنجاب میں ملازمین کو تربیت دینے کے لیے حکومت سے لائسنس لینے میں دلچسپی بھی دکھائی۔

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مس آمنہ چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انھوں نے گروپ سے کہا کہ وہ اپنی تجاویز اور سوالات پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کو پیش کریں تاکہ اُنھیں متعلقہ حکام تک پہنچایا جا سکے۔ پی بی آئی ٹی ٹیم نے وفد کے اراکین کو منصوبے کی فیزیبلٹی کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس منصوبے میں تفریحی پارک کے ساتھ منسلک دکانیں (ریٹیل آؤٹ لیٹ) بھی شامل ہیں۔ بورڈ نے ملائشیین گروپ کا رابطہ پی ایچ اے، ایل ڈی اے، ایس ای سی پی، ایف بی آر اور کسٹمز جیسے سرکاری محکموں کے ساتھ کروانے پر آمادگی بھی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :