پیر اعجاز ہاشمی کی طرف سے انتہا پسندی کے خلاف سرگرم خرم ذکی کے قتل کی مذمت ، کراچی کو اسلحے سے پاک کرنے کا مطالبہ، عزیر بلوچ

جیسے جرائم پیشہ افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائیل کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، مرکزی صدر جے یو پی کی گفتگو

پیر 9 مئی 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 مئی۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے انتہا پسندی کے خلاف سرگرم سماجی رہنما اور صحافی خرم ذکی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں کرفیو لگا کر شہر کو اسلحے سے پاک کیا جائے۔ سندھ کاصوبائی دارالحکومت جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔

پاکستان کی معاشی شہ رگ اور سب سے بڑے شہرمیں اسی طرح قتل ہوتے رہے تو ملک میں امن کیسے قائم ہوگا۔کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اسلحے سے پاک نہ کیا گیا تو قتل و غارت گری جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس کی موجودگی کے باوجود دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا جاری رہنا ،سکیورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ لیاری کے عزیر بلوچ کے انکشافات کی روشنی میں کرپٹ افراد کو گرفتار نہ کرنا قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی اور ہیڈلائنز کا حصہ بننے کے شوق نے سکیورٹی اداروں کو بھی بدنام کردیا ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ مجرموں کے انکشافات میڈیا کی زینت بنتے ہیں مگر ان پر تحقیقات آگے نہیں بڑھتیں ،جس سے لگتا ہے کہ انہیں دلچسپی صرف انکشافات سے ہوتی ہے ،دہشت گردی کے خاتمے سے نہیں۔ جے یو پی کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ عزیر بلوچ اور ان جیسے دیگر جرائم پیشہ افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائیل کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ تاکہ دوسروں کے لئے عبرت کا نشان بن جائیں۔

متعلقہ عنوان :