قرآن کریم انسانیت کے لئے راہ ہدایت کی بہترین کتاب ہے،عنایت اﷲ

پیر 9 مئی 2016 19:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء)خیبرپختونخواکے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ قرآن کریم انسانیت کے لئے راہ ہدایت کی بہترین کتاب ہے اوربحیثیت مسلمان ہمیں نہ صرف قرآنی تعلیمات پر خودبھی من وعن عمل کرنا چاہئے بلکہ ان زرین تعلیمات کو دوسروں تک پہنچانا چاہیئے تاکہ ہماری دنیا اورعاقبت سنورسکے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم الاسلام سروکلے براول دیر بالا میں منعقدہ دستاربندی کی ایک پر نورتقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر علاقے کے جید علماء کرام،والدین اورطلبا ء کی کثیر تعداء موجود تھی۔سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں اورضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان فرقہ واریت سے بالاترہوکر اسلام کی سربلندی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحدہوں تاکہ اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایاجاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا ء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ نبی کریمﷺکی حدیث پرعمل کرتے ہوئے دین کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رکھے اوراپنے معلمین کی قدر کریں جنہوں نے انہیں دینی علوم سے آراستہ کیا اوراس قابل بنایا کہ وہ دین کے پیغام کودیگر لوگوں تک پہنچائے ۔ سینئر وزیر بلدیات نے علماء اورطلباء پر زوردیا کہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے بھی بھر پورانداز میں اپنا کرداراداکریں ۔