جماعت اسلامی کا پانامہ لیکس میں پاکستانی سیاسی اور کاروباری شخصیات کے نام سامنے آنے کے خلاف ٹرین مارچ کااعلان

2018 سے قبل انتخابی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے ، کرپٹ اسٹیٹس کو کے خلاف اب عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا،کرپشن فری پاکستان تحریک کا مقصد ملک میں حقیقی احتساب لانا ہے ،کرپٹ لوگوں کا ہرجگہ پر تعاقب کرکے چوری شدہ پیسہ واپس لائیں گے،چیف جسٹس خیبر لیکس پر سو موٹو نوٹس لیں، ابھی انتظار کررہے ہیں کس کس کے مزید نام آرہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اندر موجود گندے ٹماٹر باہر پھینکیں، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں پاکستانی سیاسی اور کاروباری شخصیات کے نام سامنے آنے کے خلاف کراچی سے خیبر تک رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ٹرین مارچ شروع کیا جائے گا،جسمیں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی جبکہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن روک لی جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے، کرپٹ اسٹیٹس کو کے خلاف اب عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا،کرپشن فری پاکستان تحریک کا مقصد ملک میں حقیقی احتساب لانا ہے،2018 سے پہلے پہلے انتخابی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے، قائد اعظم کا خود کو وارث سمجھنے والے بتائیں کیا پاکستان سیکولر بننے کیلئے بنایا گیا،کرپٹ لوگوں کا ہرجگہ پر تعاقب کرکے چوری شدہ پیسہ واپس لائیں گے،چیف جسٹس خیبر لیکس پر سو موٹو نوٹس لیں، ابھی انتظار کررہے ہیں کس کس کے مزید نام آرہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اندر موجود گندے ٹماٹر باہر پھینکیں،ہماری جدوجہد سے مارشل لاء نہیں آئے گا، دنیا بھر میں پانامہ لیکس پر تحقیقات ہورہی ہیں، یہاں ابھی تک کمیشن نہیں بنا،صرف وزیر اعظم کے خاندان کاہی نہیں سب کا احتساب ہونا چاہیے،پانامہ لیکس میں جن لوگوں کے نام ہیں وہ بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو اجلاس، تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی زیرصدارت مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما پیپرز میں پاکستانی سیاسی اور کاروباری شخصیات کے نام سامنے آنے کے خلاف کراچی سے خیبر تک رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ٹرین مارچ شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرین مارچ میں شرکت کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی اور مارچ کے دوران تمام چھوٹے بڑے اسٹیشنز پر عوامی اجتماعات ہوں گے جس میں عوام کو متحرک کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس نے سب کچھ کھول کررکھ دیا اورایوانوں میں بیٹھے لوگ آئندہ چند دنوں میں جیل میں ہوں گے، پاناما لیکس والوں کیلئے اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑ جائے گی جس کے لئے بلوچستان اور سندھ کی جیلوں کو بھی رنگ و روغن کر لیا جائے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے ہرادارے میں کرپشن موجود ہے، اگر کرپشن روک لی جائے تو ملک ترقی کرسکتا ہے، 40 فیصد قرضہ ادا ہوسکتا ہے، اگر کرپشن کاپیسہ واپس لانے میں کامیاب ہوگئے تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے،ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 95 فیصد علاقوں میں صاف پانی میسر نہیں، جب تھر میں بچے بھوک سے مر رہے تھے تب سندھ حکومت جشن منا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر اور غریب کیلئے الگ قوانین بنا دیئے گئے ہیں، کرپشن فری پاکستان تحریک کا مقصد ملک میں حقیقی احتساب لانا ہے،صرف وزیر اعظم کے خاندان کا احتساب نہ ہو، احتساب کا نعرہ سیاسی انتقام کا نعرہ نہیں، ماضی میں احتساب کے نام پر سیاسی انتقام اور آئین توڑا گیا،پانامہ لیکس میں کسی غریب کا نام نہیں، پانامہ میں بھی وہی لوگ ہیں جو ہر دور میں حکومت میں رہے،پانامہ لیکس میں جن لوگوں کے نام ہیں وہ بچنے کی کوشش کررہے ہیں،دنیا بھر میں اس لیکس پر تحقیقات ہورہی ہیں، یہاں ابھی تک کمیشن نہیں بنا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اسٹیٹس کو کے خلاف اب عوام کے اٹھنے کا وقت آگیا ہے، جماعت اسلامی نے 23 مئی سے کراچی سے پشاور ٹرین مارچ کا اعلان کردیا،ٹرین مارچ میں عوام کو کرپشن کے خلاف جگایا جائیگا، کرپشن اور پاکستان اب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کرپشن پاکستان کے لئے دشمن کے حملہ سے زیادہ خطرناک ہے،جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا، 14مئی کو باجوڑ، 15 مئی کو کوہاٹ، 29 مئی کو چترال میں مظاہرے ہونگے، 2018 سے پہلے پہلے انتخابی کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے، قائد اعظم کا خود کو وارث سمجھنے والے بتائیں کیا پاکستان سیکولر بننے کیلئے بنایا گیا،کرپٹ لوگوں کا ہرجگہ پر تعاقب کرکے چوری شدہ پیسہ واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس خیبر لیکس پر سو موٹو نوٹس لیں، ابھی انتظار کررہے ہیں کس کس کے مزید نام آرہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اندر موجود گندے ٹماٹر باہر پھینکیں،ہماری جدوجہد سے مارشل لاء نہیں آئے گا، تمام سیاسی جماعتیں اس تحریک کا حصہ بنیں، کرپشن کے خلاف پارلیمنٹ میں جلد بل بھی لائیں گے۔