الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے تحت تین روزہ "ٹریننگ آف ٹرینز " ورکشاپ

پیر 9 مئی 2016 18:20

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ٹرینرز کی تربیت کا مقصد الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ، آفات سے آگاہی اور لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنا نا ہے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں جا کر مزیدلوگوں کو بھی تربیت فراہم کریں جس سے عام لوگوں کو بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے میں بھرپور مدد ملے گی۔

اس موقع پر نیشنل ڈائریکٹرڈیزاسٹرمنیجمنٹ فضل محمود، پروگرام منیجر عصمت اللہ ، ہلال احمر کے ٹرینرز محمد ریحان، آئی آر ڈی ایس کے قاسم جان اور ہلال احمر کے احمد حسین موجود تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے تحت3روزہ "ٹریننگ آف ٹرینز " ورکشاپ کاانعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے ناگہانی آفات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ ورکشاپ میں شرکاء کو ٹرینر رول، ریڑھ کی ٹوٹی ہوئی ہڈی کو ٹرانسپورٹ کرنا،سی پی آر، بیسک لائف سیونگ کا طریقہ کار، چوکنگ، خون نکلنا، صدمہ، پٹھوں میں زخم، جوڑوں کی چوٹ پر خصوصی لیکچرز اور گروپ ایکٹویٹیز کا اہتمام کیا گیا۔ فضل محمود نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کہا کہ ان ورکشاپس سے نہ صرف شرکاء کی تعمیری صلاحیتوں میں نکھار آئیگا اور کام کرنے کی استعداد میں اضافہ ہو گا بلکہ اِس سے معاشرے میں بھی مثبت تبدیلی آئیگی۔ورکشاپ کے آخر میں شرکاء کو پروفیشنل سرٹیفکیٹ دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :