اپوزیشن جماعتوں کااجلاس ٗ پاناما لیکس معاملہ پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

پانامہ لیکس کی نئی قسط سامنے آنے پر بحث کا مطالبہ کیا جائے گا ٗاجلاس میں فیصلہ

پیر 9 مئی 2016 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس معاملہ پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا مشترکہ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی طرف سے رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جکھرانی، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، مسلم لیگ (ق) کی طرف سے طارق بشیر چیمہ، ایم کیو ایم کی طرف سے ڈاکٹر فاروق ستار، کنور نوید جمیل، جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور اے این پی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی اسمبلی کے 32 ویں سیشن کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر متفق ہو گئی ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کی نئی قسط سامنے آنے پر بحث کا مطالبہ کیا جائے گا اس موقع پر سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ جن سے 70 کروڑ روپے نکلے ہیں انہیں تو پکڑ کر لے گئے لیکن جنہوں نے7 ارب روپے چھپا کر رکھے ہوئے ہیں ان کا کچھ نہیں ہوا۔