انسانی تہذیب کی ترقی میں پاکستان کے کردار کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جاتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا وزارت خارجہ میں تین روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال

پیر 9 مئی 2016 17:25

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ انسانی تہذیب کی ترقی میں پاکستان کے کردار کا دنیابھر میں اعتراف کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں قدیم پاکستان کے عنوان سے تین روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاکہ پاکستان کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے، پوری دنیا میں انسانی تہذیب کی ترقی کیلئے قدیم پاکستان کا کردار واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدیم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد ہماری وزارت خارجہ کا اقدام درحقیقت قابل ستائش ہے۔ ایسے اقدامات سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اس اعتبار سے منفرد ہے کیونکہ اس میں صوبائی محکمہ آثار قدیمہ اور ملک کے اہم عجائب گھر ایک چھت کے نیچے جمع ہیں۔

ہمارے غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان کے حوالے سے عشروں اور صدیوں کی معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سفارتی عملہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی تا کہ دیگر ممالک میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے اور اقوام عالم اور ریاستوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کا راستہ ہموارہو سکے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزارت خارجہ پاکستان کے مثبت تشخص کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔