انڈسٹریز کے لئے بلا تعطل بجلی کی سپلائی قابل تحسین ہے ، ملک میں جاری توانائی پراجیکٹس کی رفتا تیز کی جائے ‘ پیاف

پیر 9 مئی 2016 16:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف) نے کہا ہے کہ انڈسٹریز کے لئے بلا تعطل بجلی کی سپلائی قابل تحسین ہے لیکن غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پاور بریک ڈاؤن سے تاجر برادری اور صنعتکار کی پیداور کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ چیئر مین عرفان اقبال شیخ، سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی صنعتوں کو بلا تعطل بجلی دینے جیسے کاروبار دوست فیصلوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے مگرغیر اعلانیہ لوڈشیدنگ نے انڈسٹریز کے ساتھ ساتھ چھوٹے تاجروں اور عوام کو بھی پریشانی میں مبتلا کر کھا ہے۔

اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے تاکہ گرمی کے شدید موسم میں بجلی کی طلب بڑھنے پرلوڈشیڈنگ نہ ہونے پائے۔

(جاری ہے)

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ بجلی کی چو ری روکنے کے سلسلے میں ہونے والی قانون سازی پرسختی سے بھی عملدرآمد کیا جائے بجلی چوری کے خلاف کاروائیوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے، اس کے مثبت نتائج بر آمد ہوں گے ،حکومت کے بجلی چوری روکنے کے اقدام سے تمام دستیاب وسائل انڈسٹری کو منتقل ہوں گے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔

سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آنیوالے بجٹ میں بجلی کی دستیابی کو سر فہرست رکھا جائے اور مختلف توانائی پراجیکٹس کی رفتا تیز کی جائے اور لوڈشیڈنگ جیسے گھمبیر مسائل پر تمام وسائل کو بروئے کار لاکرمارچ 2018 سے قبل قابو پایا جائے۔تاکہ پاکستان میں لوڈشیڈنگ جیسا بڑا مسلہ ختم ہو جائے۔

متعلقہ عنوان :