وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے اسلام آباد، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے متخلف اضلاع میں توسیع کا خیرمقدم

پیر 9 مئی 2016 16:32

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) شہریوں نے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے اسلام آباد آزاد کشمیر اور بلوچستان کے متخلف اضلاع میں مرحلہ وار توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو ملک کے دیگر اضلاع میں بھی وسعت دی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے تیسرے مرحلہ میں بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، لسبیلہ، لورالائی اور کیچ کے مستحق افراد کے لئے نیشنل ہیلتھ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا، اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں اس سہولت کا اجراء کیا گیا ہے جس کی عوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

ڈاکٹر شبانہ اویس نے کہا کہ بڑی تعداد میں روزانہ ایسے مریض آتے ہیں جن کے پاس علاج معالجہ کیلئے پیسے نہیں ہوتے تھے اور انہیں مخیر حضرات سے پیسے لیتے ہوئے احساس محرومی کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ان کی عزت نفس مجروح ہوتی تھی لیکن وزیراعظم نے ایسے پسماندہ نادار افراد کے لئے علاج معالجہ کی مفت اور معیاری سہولیات کا اعلان کر کے ان افراد کے دل جیت لئے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس پروگرام کا دائرہ کار زیادہ سے زیادہ وسیع کر لے۔