قائد ایم کیوایم کو ہائی ڈوز نہیں دینا چاہتا ابھی کم ڈوز سے کام چلا رہا ہوں، مصطفی کمال

پیر 9 مئی 2016 15:23

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما اور سابق سٹی ناظم کراچی سیدمصطفی کمال نے کہاہے کہ میں قائد ایم کیوایم کو ہائی ڈوز نہیں دینا چاہتا، ابھی کم ڈوز سے کام چلا رہا ہوں جس دن ہائی ڈوز دی وہ پریشان ہوجائیں گے۔ سکھرمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہاکہ قائد ایم کیو ایم کی رفاقت میں طویل وقت گزرا مجھے اندر اور باہر کی سب خبر ہے، قائد ایم کیوایم اور ان کے رفقا 22 سال سے بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ سے فنڈ لے رہے ہیں اور بہت جلد ان 8 افراد کے نام بھی لینے والا ہوں جوپردہ نشین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں الطاف حسین کو ہائی ڈوز نہیں دینا چاہتا ابھی کم ڈوز سے کام چلا رہا ہوں جس دن ہائی ڈوز دی وہ پریشان ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا لیکن ہم نے کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا، اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ ہمیں ان لوگوں سے لڑائی نہیں لڑنی اور جو لوگ گمراہ ہیں ان سے ہمدردی ہے، ہمیں ان ہی لوگوں کی اصلاح کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کے عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنی ماؤں بہنوں اور بچوں کی جانب دیکھو ان کے بچے غائب ہوئے لاشیں اٹھائی گئیں لیکن اتنی جانوں کے نذرانے کے بعد حاصل کیا ہوا۔