مانسہرہ میں اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس عوام کا اتحاد و اتفاق کا منہ بولتا ثبوت ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور

پیر 9 مئی 2016 13:10

مانسہرہ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مانسہرہ میں اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس عوام کا اتحاد و اتفاق کا منہ بولتا ثبوت ہے، منتخب نمائندوں سے عوام کی توقعات ہیں،اگر ہر گھر تبدیلی کا خواب پورا کرنا ہے توا ن نمائندوں کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہو گا اوربلدیاتی نمائندوں کے ترقیاتی فنڈز اور اعزازیہ کو بڑھانا ہو گا۔

وہ گذشتہ روز ڈاڈر کے مقام پر بلدیاتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرانہوں نے سرن کونش کیلئے مزید 4کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلا ن کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ضلع ناظم سردا ر سید غلام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں، ہمیں اخوت اور بھائی چارے سے حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی صالح محمد خان نے سردار محمد یوسف کے ہاتھ مضبوط کرنے کے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ جھوٹ، تعصب اور نفرت کی سیاست سے عوام آگاہ ہو چکے ہیں، ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں، ہمارے ساتھ زیادتی کرنے والے گویا عوام کے ساتھ زیادتی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

تقریب سے ناظم شاخان اور دیگر ضلعی و تحصیل یونین ناظمین نے بھی خطاب کیا اورضلع بھر میں بلدیاتی کنونشن جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔