پانامہ لیکس کا تیسرا دھماکہ بھی ہونے کا امکان، پاکستان کی انکوائری کمیشن تاحال غیر فعال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 9 مئی 2016 10:42

پانامہ لیکس کا تیسرا دھماکہ بھی ہونے کا امکان، پاکستان کی انکوائری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 مئی 2016ء) : پانامہ لیکس کے پہلے دھماکے نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے سیاسی حالات میں ایک ہلچل پیدا کر دی تھی۔ جس کے بعد دنیا بھر میں آف شو کمپنیاں رکھنے والے سیاستدانوں سے استعفوں کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ پانامہ لیکس کی پہلی قسط کے بعد ہی سے آئس لینڈ کے وزیر اعظم سے بھی استعفے کا مطالبہ کیا گیا، عوام نے وزیر اعظم کے استعفے کے لیے مظاہرے بھی کیے جس کے بعد بالآخر آئس لینڈ کے وزیر اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

جبکہ پاکستان میں بھی نواز شریف کے بچوں کا نام پانامہ لیکس میں آنے پر بارہا وزیر اعظم نواز شریف سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا، پانامہ لیکس کا دوسرا دھماکہ آئی سی آئی جے کی جانب سے آج کیا گیا۔ پانامہ لیکس کے دوسرے دھماکے میں بھی پاکستان کی اہم اور نمایاں شخصیات کے ناموں سمیت پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی والدہ کا نام بھی آیا جن کے نام تین آف شور کمپنیاں ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب پانامہ لیکس کی تیسری قسط آنے کا بھی امکان کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کی تیسری قسط میں آف شور کمپنی رکھنے والے آخری پاکستانی تک کانام شامل ہو گا۔ ممکنہ طور پر پانامہ لیکس کے تیسرے دھماکے میں مزید ناموں سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ دوسری جانب پانامہ لیکس کی پہلی قسط آنے کے بعد اپوزیشن کے بے جا مطالبے پر پاکستانی حکومت نے آف شور کمپنیوں کے حامل افراد اور پانامہ لیکس کے معاملے پر کمیشن بنانے کی حامی تو بھر لی لیکن تاحال کمیشن کے ٹی او آر متفقہ طور پر منظور نہ ہونے کے سبب پانامہ لیکس پر بنائی جانے والی انکوائری کمیشن تاحال غیر فعال ہے۔

پانامہ لیکس کی دوسری قسط آنے کے بعد حکومت کی انکوائری کمیشن کی جانب سنجیدگی مزید بڑھے گی یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :