فیصل آباد مسلم لیگ ( ن ) کا مضبوط اور ناقابل تسخیر قلعہ ہے ،لیگی رہنماء کاشف رندھاوا

پتلی تماشا کی سیاست کرنے والے احمقوں کی جنت میں بستے ہیں، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،بیان

اتوار 8 مئی 2016 17:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء) صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن ) پنجاب چوہدری کاشف رندھاوا نے کہا ہے کہ فیصل آباد پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کا مضبوط اور ناقابل تسخیر قلعہ ہے ۔ غیور عوام نے ہمیشہ ( ن ) لیگ کا ساتھ دیا ہے ۔یہ شہر میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے متوالوں کا شہر ہے مسلم لیگ ( ن ) کے متوالوں نے الیکشن 2013 ء منفی سیاست کرنے والوں کو بری طرح رد کر دیا تھا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

پتلی تماشا کی سیاست کرنے والے احمقوں کی جنت میں بستے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا پارٹی کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ عوام وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور وہ ترقی کے عمل میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف پر کسی قسم کا کوئی دباوٴ نہیں، وہ ملکی ترقی و خوشحالی کی طرف اپنی توجہ مبذول کئے ہوئے ہیں۔

ملک بھر میں ترقیاتی و فلاحی منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا دامن صاف ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود کو اور اپنے خاندان کو ہر قسم کے احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کمیشن کے قیام کا اعلان کر کے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کیا ہے، اب جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ اپوزیشن کے جو بھی سوالات ہیں وہ اب انہیں کمیشن کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز میں وزیراعظم نواز شریف کا نام موجود ہونا ان سے عداوت کو واضح کرتا ہے حالانکہ پانامہ پیپرز میں وزیراعظم کا نام موجود ہی نہیں۔

متعلقہ عنوان :