سپیشل لاہوری فیملی سنڈے برنچ کے موقع پر ممبران اور ان کے اہلخانہ کی کثیر تعدادمیں شرکت

لاہوری پکوان کے ساتھ ساتھ معروف دست شناس شیخ طارق اقبال سے قسمت کا حال بھی معلوم کیا

اتوار 8 مئی 2016 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء) لاہور پریس کلب کیفے ٹیریا کمیٹی نے معزز ممبران اور ان کے اہلخانہ کے لئے سپیشل لاہوری فیملی ناشتہ کا اہتمام کیا۔ لاہوری ناشتہ مینو میں ہردلعزیز مشہورپکوان دیسی بکرے کے پائے، بونگ، مرغ وانڈہ چنے، حلوہ ، لسی ، کلچے، چائے اوردیگرکھانے مہیا کئے گئے ۔ پروگرام میں ممبران کی فیملیز خصوصا بچوں اورخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورلاہورشہرکے ناشتہ کے روائتی کھانوں سے خوب لطف اندوزہوئے۔

ممبران اوران کی فیملیزکی کثیرتعداد کی آمد کے پیش نظر پریس کلب کیفے ٹیریا ،فیض احمد فیض ہال اور کلب کے لان میں بیٹھنے کے انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پرممتاز ماہر علم نجوم، دست شناس اور آسٹرو پامسٹ شیخ طارق اقبال نے ممبران اور انکے اہل خانہ کی قسمت کا حال بھی بتایا۔

(جاری ہے)

سنڈے برنچ میں آنے والے تمام معززاراکین کی فیملیزنے پریس کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہرکی کہ اسے مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا۔

اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں، نائب صدر عبدالمجید ساجد،سیکرٹری شاداب ریاض ، جوائنٹ سیکرٹری زاہد گوگی اور خزانچی ظہیر احمد بابر بھی موجود تھے ۔ صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا کہ منتخب باڈی نے کلب کے ممبران اور ان کی فیملیز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ پریس کلب میں فیملیز پروگرامز کے مسلسل انعقاد سے ممبران کی فیملیزکے درمیان شناسائی فروغ پائی ہے اور بہترتعلقات پیدا ہوئے ہیں۔ انھوں نے کیفے ٹیریا کمیٹی اورکلب سٹاف کو لاہوری ناشتہ پروگرام کے بہترین انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔