ای سی سی نے خیبرپختونخوا حکومت کو 2015-16کیلئے نیٹ ہائیڈل منافع کی ادائیگی کیلئے واپڈا کو مقامی بنک سے حکومت پاکستان کی گارنٹی کے تحت 25ارب قرضہ لینے کی اجازت دے دی

سٹیل ملز کے ملازمین کیلئے 2ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کیلئے 858ملین ،نادہندگان کیلئے 4فیصد دو ہولڈنگ ٹیکس کی 31مئی تک توسیع کی منظوری ،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے پٹرول اور ڈیزل کے منافع میں 6پیسہ کا اضافہ کرنے کی بھی منظوری

ہفتہ 7 مئی 2016 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء ) وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سٹیل ملز کے ملازمین کیلئے 2ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کیلئے 858ملین کی منظوری دے دی،خیبرپختونخوا حکومت کو 2015-16کیلئے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی ادائیگی کیلئے واپڈا کو مقامی بنک سے حکومت پاکستان کی گارنٹی کے تحت 25ارب قرضہ لینے کی اجازت دے دی،نادہندگان کیلئے 4فیصد دو ہولڈنگ ٹیکس کی 31مئی تک توسیع دے دی،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلروں کیلئے پٹرولیم مصنوعات میں نظر ثانی کی منظوری دے دی،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے پٹرول اور ڈیزل کے منافع میں 6پیسہ کا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی جبکہ ڈیلروں کیلئے پٹرول کے مارجن میں 8پیسہ اور ڈیزل کے مارجن میں 7پیسہ کا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پیسہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کیلئے 2ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کیلئے 358ملین کی منظوری دی گئی،ای سی سی نے واپڈا کو خیبر پختونخوا حکومت کو نیٹ ہائیڈل پرافٹ برائے مالی سال 2015-16کی ادائیگی کیلئے حکومت پاکستان کی ساورن گارنٹی کے تحت مقامی بنک سے 25ارب کا قرضہ لینے کی اجازت دینے کی منظوری دی،حکومت پاکستان نے خیبر پختونخوا حکومت کو 70ارب کی ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کی تھی اور رقم کو 4اقساط میں ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا،موجودہ مالی سال کیلئے 25ارب جبکہ باقی 15ارب 3سال میں ادا کیا جائے گا۔

ای سی سی نے نادہندگان کیلئے بنکنگ ٹرانزیکشن پر 4فیصد دو ہولڈنگ ٹیکس کی تاریخ میں 31مئی تک توسیع دینے کی منظوری دی۔ ای سی سی نے وزرات صنعت و پیداوار،پانی و بجلی، موسمیاتی تبدیلی اور ایف بی آر کو ہدایت فنانس بل کے تحت توانائی کی کارکردگی اور تحفظ کو فروغ کیلئے مالی مراعات مہیا کرنے کے حوالے سے مشترکہ تجویز کو متعارف کروائیں۔ای سی سی نے دودار منصوبے کیلئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی مدت میں توسیع کی بھی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلروں کیلئے پٹرولیم مصنوعات میں منافع میں نظر ثانی کی بھی منظوری دی۔وزرات پٹرولیم و قدرتی وسائل کی تجویز پر منافع کو سی پی آئی سے منسلک کر دیا گیا ہے،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے پٹرول اور ڈیزل کیلئے مارجن میں 6پیسہ کا اضافہ کر دیا جبکہ ڈیلروں کیلئے پٹرول کے مارجن میں 8پیسہ جبکہ ڈیزل میں 7پیسہ کا اضافہ کر دیا جو 1یکم جولائی 2016کے بعد ہوگا۔