وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ضلع ہری پورکا مصروف ترین دورہ ، ہر ی پور بائی پاس کے سنگ بنیاد سمیت کئی اہم منصوبوں کا افتتاح

صوبے کے عوام کو دھوکہ دیا جار ہاہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں بلکہ وہ عوام کی طاقت سے اپنا حق لے کر رہیں گے، ہری پور بائی پاس روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 7 مئی 2016 22:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی منصفانہ تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مرکزی روٹ کے مخالف نہیں بلکہ نا انصافی و جانب داری پر احتجاج کررہے ہیں کیونکہ صوبے کے عوام کو اس معاملے میں دھوکہ دیا جار ہاہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں بلکہ وہ عوام کی طاقت سے اپنا حق لے کر رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع ہر ی پور میں ہری پور بائی پاس روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر محمد عاطف خان ، معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی ، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، حاجی عبد الحق، یوسف ایوب، تحصیل وہ ضلعی ممبران ، کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان، ضلع ناظم عادل اسلام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہری پوربائی پاس روڈ کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کیا۔

25کلومیٹر اس طویل روڈ پر تقریباًپونے چار ارب روپے لاگت آئے گی ۔ اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور رنگ روڈ کی طرز کا یہ صوبے میں دوسرا بڑا منصوبہ ہے جس سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت عوامی اُمنگوں کے مطابق تمام شعبہ جات میں اصلاحاتی و ترقیاتی اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم جہاز میں بیٹھ کر آواز لگاتے ہیں کہ نیا پاکستان کہاں ہے انہیں چاہیئے کہ وہ زمین پراُترکر دیکھیں اور باشعور عوام سے پوچھیں تو انہیں تبدیلی کی سمجھ آجائے گی وزیراعلیٰ نے سی پیک معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ روٹ کو اگر انصاف کی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے تو خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے اس معاملے میں صوبے کے عوام کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے جو افسوسناک امر ہے کہ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وفاق نے سی پیک کے مرکزی روٹ کی مکمل منصوبہ بندی کرتی ہے اور بجٹ بھی تقسیم ہو چکا ہے مگر اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے شدید مطالبے کے باوجود صوبے کو معلومات فراہم نہیں کی جارہیں انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام صرف ایک سڑک پر ٹرخایا جا رہا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ مکمل روٹ بمعہ سہولیات چاہتے ہیں محض ایک سڑک نہیں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت بھی قر ضے لے کر سڑکیں تعمیر کرتی ہے اور یہ صوبہ خود بھی کر سکتا ہے انہوں نے مزید واضح کیا کہ ان کو منصوبے میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں اور عوام کی طاقت و حمایت سے اپنے حقوق لیکر رہیں گے ۔

صوبائی حکومت کی دوسالہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ غریب کے استحصال کو ختم کرنے اور منصفانہ طرز حکومت کو یقینی بنانے کیلئے وہ گزشتہ تین سالوں سے اصلاحات لارہے ہیں انہوں نے کہاکہ اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے تابع کردیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چھپر روڈ کی تعمیر اور بہت جلد غازی میڈیکل کالج کا افتتاح کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اجتماع سے یوسف ایوب، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب اور ضلع ناظم ہر ی پوری عادل اسلام نے بھی خطاب کیا اور وزیراعلیٰ کے دورہ ہری پور کو خطے کی ترقی کا سنگ میل قرار دیا ۔ اس موقع پر ممبر یونین کونسل کھولیاں بالا نواز خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ تحریک انصاف کی تبدیلی دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر شمولیات اختیار کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :