باردانہ کی تقسیم پہلے آؤ پہلے پاؤ کی پالیسی پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے

ملک محمد آصف بھا کا گندم خریداری مرکز چکوال کا معائنہ

ہفتہ 7 مئی 2016 21:22

چکوال ۔ 7 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر وائلڈ لائف و فشریز اینڈ جنگلات پنجاب ملک محمد آصف بھا نے گندم خریداری مرکز چکوال کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ باردانہ کی تقسیم پہلے آؤ پہلے پاؤ کی پالیسی پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ گندم کے خریداری مراکز پر کاشتکاروں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، ڈی او فوڈ مہر اعجاز سیال، ڈی او سی نعیم اللہ بھٹی، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ثاقب محمود اعوان، ڈی او وئلڈ لائف خالود محمو ساہی، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرول شمس عباس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈی او فوڈ چکوال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 27اپریل سے باردانہ ایک ہزار بیگ روزانہ کی بنیاد پر تقسیم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

باردانہ کیلئے مجموعی طور پر349کسانوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں چھوٹے کاشتکاروں کی 264اور بڑے کاشتکاروں کی85درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اور اب تک میرٹ پر 8 بڑے اور 70 چھوٹے چھوٹے کاشتکاروں کو باردانہ تقسیم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال میں گندم خریداری کا ہدف 1500 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے ،چکوال تحصیل میں 1000جبکہ تحصیل تلہ گنگ میں 500میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی اور مقررکردہ قیمتوں کی روشنی میں1300 روپے فی من خرید کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سال اچھی پیداوار کی بدولت ٹارگٹ باآسانی حاصل کر لیا جائے گامگر باردانہ کے حصول کیلئے آنے والی درخواستوں کے مطابق گندم کی خریداری کا کوٹہ بڑھایا جائے ۔جس پر صوبائی وزیر نے ڈی سی او چکوال کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کا کوٹہ بڑھانے کیلئے حکومت کو لکھا جائے جس پر وہ حکومت سے سفارش کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ باردانہ کی صاف و شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے درخواستیں دینے والے کسانوں کا اندراج کیا جائے تاکہ پہلے آنے والے کسانوں کو پہلے باردانہ فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر پر کسانوں کی سہولت کے پیش نظر بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ اور صاف ٹھنڈے پینے کے پانی اور واش روم کی سہولت مہیا کی جائے۔