چکوال،وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق 2018تک کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا،ملک آصف بھا

ہفتہ 7 مئی 2016 21:20

چکوال ۔ 7 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر وائلڈ لائف فشریز اینڈ جنگلات پنجاب ملک آصف بھا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق 2018تک کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ صوبائی حکومت تعلیمی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع کونسل ہال میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول و کالج چکوال کے سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں سنیٹر عبدالقیوم اعوان، چیئرمین بورڈ آف گورنر و ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، ڈی پی او چکوال منیر مسعود مارتھ، مسلم لیگ ن کے رہنما ملک نعیم اصغر، ڈی او سی نعیم اللہ بھٹی، ای ڈی او فنانس، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ثاقب محمود اعوان، ڈی او سول ڈیفنس، ڈی او بلڈنگ پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول چکوال محمد ندیم سرور ، اساتذہ، طلباء و طالبات اور ان کے والدین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع چکوال لیٹریسی ریٹ کے حوالے سے پنجاب میں بلکہ پورے پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی ترقی اور حصول کیلئے جس طرح دن رات کوششیں کی جا رہی ہیں مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل اور آئندہ آنے والی نسلوں کی ترقی کیلئے تعلیم کا حصول اشد ضروری ہے اوراسلامی تعلیم کے فروغ سے ہی ہم ترقی یافتہ قوموں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ کا میرٹ پر انتخاب ضروری ہے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی کی جا رہی ہے۔ ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے سکول کے پرنسپل و اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی شخصیت کو نکھارنے کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں ضروری ہیں۔

سکول کے پرنسپل ندیم سرور نے سال2015-16میں سکول کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔تقریب میں سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور وطن عزیز سے محبت کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں مہمانان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔