Live Updates

تحریک انصاف کا کرپشن کیخلاف ہر جمعرات کو باضابطہ احتجاج کا اعلان

نواز شریف سے سادہ سا سوال پوچھتے ہیں میاں صاحب آپ کے پاس اتنا پیسہ آیا کہاں سے، جواب دیتے ہیں میرے ابا جی بڑے محنتی تھے، میرا جوناتھن جہاز روک لیا گیا اور میرے بچے بڑے لائق ہیں اصل بات کا جواب ہی نہیں دیتے کیونکہ ان کے پاس کوئی جواب ہے ہی نہیں،قائد حزب اختلاف پنجاب، میاں محمود الر شید

ہفتہ 7 مئی 2016 21:17

تحریک انصاف کا کرپشن کیخلاف ہر جمعرات کو باضابطہ احتجاج کا اعلان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے چیرمین عمران خان کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے، پا نامہ لیکس پر موثر حکمت عملی طے کرنے کیلئے انہوں نے گزشتہ دو روز میں مسلسل دو مرتبہ تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اپوزیشن ارکان جن میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قائد اعظم، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین، عوامی تحریک و دیگر جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ارکان شامل ہیں ان سے ملاقاتیں کیں۔

پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہر جمعرات کو فیصل چوک مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں سے ملکر کرپشن کے خاتمہ کیلئے تحریک جاری رکھے گی، میاں محمود الر شید نے کہا کہ نواز شریف سے سادہ سا سوال پوچھتے ہیں کہ میاں صاحب آپ نے آف شور کمپنیوں کس پیسہ سے بنائیں اس پر موصوف ٹی وی پر آ کر کہتے ہیں میرے ابا جی بڑے محنتی تھے، میرا جوناتھن جہاز روک لیا گیا اور میرے بچے بڑے لائق ہیں اصل بات کا جواب ہی نہیں دیتے کیونکہ ان کے پاس کوئی جواب ہے ہی نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم خود فریبی سے نکلیں اور آئیں شائیں اور بائیں کی جائے قوم کو بتائیں کہ آپ کے پاس پیسہ آیا کہاں سے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید کا کہنا تھا کہ پا نامہ کی دوسری قسط جلد آنے والی ہے ابھی کرپشن کے حمام میں بہت سے ننگے ہوں گے۔ اس سے پہلے فوج کرپشن کیخلاف ضرب عضب شروع کرے حکمران اپنے آپ کو احتساب کیلئے خود پیش کر دیں ورنہ جدہ کی ٹکٹ ملے گی نہ سکون دہ بستر میسر آئے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات