راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 7 مئی 2016 17:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب ماڈل ٹاؤن لاہور میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں لاہور کے سابقہ صدور حاجی عزیز الرحمن چن، ثمینہ خالد گھرکی اور اسلم گل نے شرکت کی۔ یہ اجلاس اس سلسلے کی ایک کڑی تھی جس میں کمیٹی مختلف لوگوں سے مل کر پارٹی کے احیاء کے لئے تجاویز لے گی۔

تینوں سابقہ صدور نے زور دے کر کہا کہ لاہور ہی سیاست کا رخ متعین کرتا ہے اس لئے کمیٹی کو لاہو رپر خصوصی توجہ دینی چاہیے انہوں نے پارٹی کے اندر گروپنگ ہونے کی تردید کرتے ہوئے کمیٹی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا، بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے ذیلی ونگوں کے صدور کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں کمیٹی ممبران اور ذیلی ونگوں کے صدور نے شرکت کی کمیٹی ممبران نے ان لوگوں کا پارٹی کی خاطر بے پناہ صعوبتیں کو برداشت کرنے اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ جدوجہد سے پارٹی کو بنیادی اساس کی طرف لوٹایا جائے گا اور پارٹی کے نظریاتی تصور کو بحال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اپنی آراء دیتے ہوئے کہا کہ غریب آدمی کے وسائل کی بات نہیں کی جا رہی جبکہ یہ ہی پیپلز پارٹی کا ووٹ بنک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل پر آواز اُٹھانی چاہیے جس میں لوڈ شیڈنگ، اورنج ٹرین اور میٹروسے متاثرہ افرادکے مسائل، کسان اور مزدور کے بُرے حالات، بڑھتی ہوئی مہنگائی، پولیس اور انتظامیہ کے مظالم اور دیگر مسائل پر حکومت کے خلاف مہم چلائی جائے اور کارکنوں کو عزت دی جائے۔ کمیٹی میرٹ پر اپنی سفارشات تیار کرے۔ اجلاس کے بعد کمیٹی کے ممبران، لاہور کے سابق صدور اسلم گل اور عزیز الرحمن چن اور دیگر کارکنوں کے ہمراہ پارٹی کے پرانے کارکن دلاور بٹ کے گھر گئے اور اُن کی عیادت کی جسے کارکنوں نے سراہا۔