سیاسی مخالفین کو دہشت گرد کہنے والے خود سب سے بڑے معاشی دہشت گرد ہیں‘ اعجاز احمد چوہدری

بنوں کا جعلی مولا جٹ ملک اور قوم کی تباہی اور بربادی میں برابر کا شریک کار ہے‘ رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 7 مئی 2016 17:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمدچوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو دہشت گرد کہنے والے خود سب سے بڑے معاشی دہشت گرد ہیں ، تحریک انصاف ملکی ترقی کا نہیں لٹیرے نواز شریف کا راستہ روکنا چاہتی ہے جو کہ اربوں روپے قوم کا لوٹ کر ملک سے باہر لے گئے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جلسوں سے خطاب میں بو کلاہٹ قوم کے سامنے عیاں ہو گئی ہے ،نواز شریف اور انکے درباری ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھائے جا رہے ہیں ۔

عمران خان نے نواز شریف کے ساتھ اکٹھا احتساب کے لئے پیش کر کے (ن) لیگ کے درباریوں کے منہ بند کر دئیے ہیں لٹیرے حکمرانوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کے گھر سے کروڑوں روپوں کی برآمدگی نواز شریف اور اسکی حکومت پر سوالیہ نشان ہے کہ کس طرح نواز شریف کے دور حکومت میں ملک اور قوم کے وسائل کس بے دردی کے ساتھ لوٹے جا رہے ہیں پاکستانی قوم آنکھیں کھولیں اور ان کرپٹ اور بد دیانت ٹولے سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے عمران خان کا ساتھ دیں ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف بڑھکیں مارنے کے بجائے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرے بنوں کا جعلی مولا جٹ ملک اور قوم کی تباہی اور بربادی میں برابر کا شریک کار ہے، احتجاج جمہوریت کا حسن ہے 20مئی کو فیصل آباد میں تاریخی جلسہ ہوگا جلسے میں عوام لاکھوں کی تعد اد میں شرکت کریں گی ۔