کرپشن کے نام پر سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی، خود کو اور اپنے خاندان کواحتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کر چکا ہوں،اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے،ملک افراتفری کی سیاست برداشت نہیں کر سکتا،موجودہ حکومت نے ہر سطح پر کرپشن کے خاتمے کی کوششیں کی ہیں

وزیراعظم نواز شریف کا اتحادی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 7 مئی 2016 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ کرپشن کے نام پر سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی، خود کو اور اپنے خاندان کواحتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کر چکا ہوں،اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے،ملک افراتفری کی سیاست برداشت نہیں کر سکتا،موجودہ حکومت نے ہر سطح پر کرپشن کے خاتمے کی کوششیں کی ہیں۔

وہ ہفتہ کو اتحادی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے معاملے پر لارجر فورم بننا چاہیے، کرپشن کے نام پر سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی،خود کو اور اپنے خاندان کواحتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کر چکا ہوں، جو بھی کمیشن بنے میرے بچے اس کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر سطح پر کرپشن کے خاتمے کی کوششیں کی ہیں،اتحادیوں سمیت تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت برقرار رکھی ہے، اپوزیشن کو لکھے جانے والے خط میں اتحادیوں کے اعتراضات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتساب کے نام پر ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہوئی، ایک بار پھر پورے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے، حکومت نے ہمیشہ نیک نیتی کا مظاہرہ کیا،2018 میں ملک کو تاریکیوں سے نکال دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک افراتفری کی سیاست برداشت نہیں کر سکتا، اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے، منفی سیاست سے ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔