آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اندر بازار مصر سجھا ہوا ہے‘ راجہ فاروق حیدر خان

ہفتہ 7 مئی 2016 13:26

مظفر آباد ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء))پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر و قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اندر بازار مصر سجھا ہوا ہے‘ کشمیر کونسل کے ممبران کیلئے اسمبلی ممبران بولیاں لگا رہے ہیں‘ایسے جانور بھی نہیں بکتے جیسے ایک ممبر اسمبلی بک رہا ہے۔ 20کروڑ روپے دے کر کونسل میں جانیوالے ممبران کیا نمائندگی کرینگے۔

جماعت کا صدر نہ ہوتا تو اسمبلی کا الیکشن کبھی نہ لڑتا۔ پارٹیاں بدلنے والے نان کسٹم گاڑیاں ہیں جنہوں نے نمبر پلیٹ کے بجائے ٹو لٹ (کرایے کیلئے خالی )لکھا ہوتا ہے کیا تبدیلی لائیں گے۔ راجہ فاروق حیدر خان کا نیشنلسٹ رہنما اصغر نثار میر کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر انجم نثار میر کے تعزیتی ریفرنس و جلسہ عام سے خطاب ۔

(جاری ہے)

توقع رکھتے ہیں اصغر نثار میر کی شمولیت سے مسلم لیگ ن مزید مستحکم ہوگی۔ جلسہ میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر‘ ممبر اسمبلی افتخار گیلانی‘ اصغر نثار میر‘مرکزی چیئرمین ٹریڈرز ونگ ن لیگ خواجہ فاروق قادری‘ خواجہ اعظم رسول‘ رفاقت زمان‘شفیق انقلابی‘ ارم قریشی‘سائرہ چشتی‘ راشد حنیف شاہ نے بھی خطاب کیا۔

جلسہ میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمد‘ ڈاکٹر راجہ محمد عارف ‘ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر‘ خالد اسماعیل سلہریا‘اقبال عباسی‘ زبیر میر‘ شیخ سراج منیر‘مریم کشمیری ‘اشفاق ترین‘احمد شاہ‘ ملک محکم الدین‘ خالد مغل ‘اعجاز زرگر‘آصف مصطفائی ‘میر شریف ‘راجہ فرخ ممتاز‘ نعمان زرگر‘میر عمر بشیر ‘سید غضنفر شاہ‘حاجی عبدالرحمان‘ ناظم عباسی‘ مہتاب میر بھی موجود تھے۔

اصغر نثار میر کے ہمراہ ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنیوالے محسن الطاف میر‘ ماجد میر‘ حنیف میر‘ ثہر مغل‘ اعزاز شیخ‘ طاہر شاہ’ سعاد ت شاہ‘ ندیم میر‘ شعیب بٹ‘ سکندر قریشی‘ سردار راشد خان‘ نعمان اشرف‘ فیصل لطیف‘ حبیب مغل‘ منیب مغل‘ خاور جوش‘ اجمل بانڈے‘ قیوم عباسی‘ عمران بٹ‘ ہارون مغل‘ حمزہ فیض رسول‘ ماجد ‘ سخاوت کو فاروق حیدر‘ شاہ غلام قادر‘ افتخار گیلانی‘ چوہدری منظور احمد نے ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن راجہ فاروق حید ر خان نے بیورو کریسی کو واشگاف الفاظ میں کہا کہ کسی جماعت کے ورکر نہ بنیں خفیہ رپورٹیں ہمارے پاس بھی موجود ہیں عوام کے خادم ہیں باز آجائیں اُلٹا لٹکائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں جتنی تقرریاں کی ہیں قانون بنا کر از سر نو جائزہ لیں گے اہل کو چھوڑ کر محکموں پر بنے بوجھ کو گھر بھیجیں گے۔

مسلم لیگ ن الیکشن منشور کے مطابق لڑنا چاہتی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کروائیں گے یوتھ کو بھرپور نمائندگی دیں گے۔ جو صاحب کہتے ہیں کہ تشخص کو بحال کرونگا وہ خود چوہدری ریاض کے ملازم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کو شایان شان بنائیں گے‘ میرپور اور پونچھ سے وزیراعظم رہ چکے ہیں اب مظفرآباد کی باری ہے۔ 2مہینے کے اندر راندر موقع ملنے والا ہے ‘اپنے ضمیر اور عقل کے مطابق اپنے ووٹ سے نئی حکومت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جلد مظفرآباد کا دورہ کرینگے ان کے سامنے شہری اور ماحولیاتی مسائل جیسے مطالبات پیش کرینگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نظریے کا نام ہے یہ وہ نظریہ ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی دلوائی۔ تبدیلی میانوالی کانہیں عوام کو سہولیات میسر کرنے کا نام ہے۔ آزادکشمیر کے اندر ناچ گانے کی سیاست کسی صورت نہیں چل سکتی۔

عوام ووٹ کی پرچی سے انہیں شکست فاش کرینگے۔ ممبر اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ پلیٹ کے جلسہ نے آمدہ انتخابات میں کامیابی کیلئے اپنا فیصلہ دیدیا ہے۔ ہر گلی محلے میں ن لیگ کی آواز گونج رہی ہے۔ دو ماہ بعد مسائل کا ازالہ کرینگے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 7نشستیں جیت کر فاروق حیدر کی قیادت میں میاں محمد نوازشریف کو تحفہ میں پیش کرینگے۔

پلیٹ کے اندر 8منصوبوں کا افتتاح کردیا ہے ہمارا مقابلہ چھوٹو گینگ سے ہے‘ عبرتناک شکست دینگے۔ نئے شامل ہونیوالے اصغر نثار میر نے کہا کہ ن لیگ میں شمولیت کیلئے اشفاق ترین‘ ملک محکم الدین نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔ میرے والدمرحوم اسسٹنٹ کمشنر ریٹائر ہوئے جن کا کردار مثالی رہا اور ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ میرے بڑے بھائی انجم نثار میر بے لوث انسان تھے‘ غریبوں کی خدمت کرنا روز کا معمول تھا آج بھی لوگ اس کی گواہی دینے میں پیچھے نہیں رہتے۔مقررین نے نثار میر مرحوم ‘ انجم نثار میر مرحوم کی عوام دوست خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور مرحومین کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔