وزیر اعظم کی زیرصدارت وزیر اعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس

حکومت اور اتحادی جماعتوں نے متفقہ طور پر اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مستردکردیا، اپوزیشن نے ٹی اوآرز نہیں بنائے بلکہ یکطرفہ فیصلہ دیدیاہے،حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے ٹی اوآرز پر فیصلے کا مکمل اختیار دیدیا، وزیر اعظم اپنے اثاثوں سے متعلق پارلیمنٹ میں وضاحت پیش نہیں کریں گے،اجلاس میں متفقہ فیصلہ۔ذرائع۔۔متعدد بار اعلان کر چکا ہوں کہ احتساب کیلئے میں اور میرے بچے تیار ہیں،کرپشن کے نام پرافراتفری کی اجازت ہر گز نہیں دی جا ئیگی،ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے معاملے پر لارجر فورم بننا چاہئے ۔وزیر اعظم محمدنواز شریف کی اجلاس میں گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 7 مئی 2016 12:30

وزیر اعظم کی زیرصدارت وزیر اعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کا اہم مشاورتی ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07مئی۔2016ء) :وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں پاناماپیپرزپرانکوائری کمیشن کیلئے اپوزیشن کے ٹی اوآرز پرغور کیلئے آج وزیر اعظم ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا،جس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں نے متفقہ طور پر اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اپوزیشن نے شفاف انکوائری کیلئے ٹی اوآرز نہیں بنائے بلکہ یکطرفہ فیصلہ ہی سنا دیا ہے،اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے ٹی اوآرز پر فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار دیدیا ہے، اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم اپنے اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق پارلیمنٹ میں کوئی وضاحت پیش نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف ، پرویز رشید ،چوہدری نثار علی خان ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار ،اکرم خان درانی ، وزیر قانون زاہد حامد ،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، محمود خان اچکزئی ، میر حاصل بزنجو ، پروفیسر ساجد میر ،اعجاز الحق اور وزیر اعظم کے سیاسی مشیرآصف کرمانی نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد بار اعلان کر چکا ہوں کہ احتساب کے لئے جو بھی کمیشن بنا میں اور میرے بچے اس کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں ۔حکومت نے ہر سطح پر کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے لہذا کرپشن کے نام پر سیاست اورافراتفری کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی ۔ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے معاملے پر لارجر فورم بننا چاہئے۔

حکومت کے اتحاد سمیت تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت کو برقرار رکھا اور آئندہ بھی رکھے گی ۔پانامہ لیکس پر اپوزیشن کے تمام مطالبات تسلیم کئے ہیں لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری ہے ۔اجلاس میں موجود شرکاء کو وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے حکومتی اور اپوزیشن کی جانب سے مرتب کردہ ٹی او آرز پر بریفنگ دی ۔اجلاس کے دوران حکومتی اتحادی اراکین نے ٹی او آرز کی تیاری میں مشاورت نہ کرنے پر وزیر اعظم اور حکومتی وزراء سے شکوہ بھی کیا۔

اس موقع پراپوزیشن کے ساتھ ٹی او آرز پر مشاورت کے لئے کمیٹی بنانے اور کمیٹی کے اراکین کے چناؤ کے لئے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کے ٹی او آرز پرسخت تحفظات کا اظہار کیا۔پانامہ لیکس کی تحقیقات پر وزیراعظم نے اتحادیوں سے مشاورت کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کے لئے اپوزیشن کے ٹی او آرز مسترد کر دیئے اور ہدایت کی کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن سے رابطہ کیا جائے۔