مسلم لیگ (ن) کا ٹی او آرز پر اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

کمیٹی کا حتمی اعلان کل متوقع

جمعہ 6 مئی 2016 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ٹی او آرز پر اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں ہونیوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی میں اسحاق ڈار کے علاوہ وزیر اطلاعات پرویز رشید وزیر پلاننگ کمیشن چوہدری احسن اقبال ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے نام ابتدائی طور پر شامل کئے گئے ہیں اس کمیٹی کا حتمی اعلان کل(ہفتہ کو ) متوقع ہے وزیراعظم کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں اس کمیٹی کی سربراہی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بھی دینے پر غور کیا گیا تھا البتہ زیادہ تر اراکین کی رائے تھی کہ اپوزیشن وزیر داخلہ کے ساتھ کسی طور بھی مذاکرات کیلئے میز پر بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ہوگی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اپوزیشن سے تعلقات بھی اچھے ہیں اور اپوزیشن ان کے نام پر اعتراض بھی نہیں کرے گی