پانامہ لیکس کے بعدوزیراعظم جذباتی ہوگئے ،آستین کے سانپ وزیراعظم کوڈس رہے ہیں،خورشیدشاہ

وزیر اعظم نے دورہِ سکھر کی بلواسطہ یا بلا واسطہ کوئی اطلاع نہیں دی اگر اطلاع دیتے تو یقیناََ میں انہیں خوش آمدید کہتا،سیاست اور حقائق اپنی جگہ ،اخلاقیات کا دامن کبھی نہیں چھوڑا ،ہمیشہ سب کو عزت و توقیر دینے کی کوشش کی ہے،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی

جمعہ 6 مئی 2016 22:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے اپنے دورہِ سکھر کی بلواسطہ یا بلا واسطہ کوئی اطلاع نہیں دی تھی اور اگر وہ اطلاع دیتے تو یقیناََ میں انہیں خوش امدید کہتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور اس کے حقائق اپنی جگہ مگر ہم نے سیاست میں اخلاقیات کا دامن کبھی نہیں چھوڑا اور ہمیشہ سب کو عزت و توقیر دینے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں اور ملک کے ہر خطے کی تعمیر و ترقی ان کی ذمہ داری میں شامل ہے اور اگر انہوں نے سکھر میں بھی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ہے تو یہ خوش اَئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہماری تنقید اور ہماری سوچ کو تعمیری نظر سے دیکھنا چاہئے جس کا مقصد نہ تو ذاتی مفاد ہے اور نہ ہی کسی کی ذات کی تحقیر بلکہ اس کا صرف اور صرف ایک مقصد ہے اور وہ ہے ملک اور عوام کی ترقی اور جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد دلانے کی ضررت نہیں کہ ہم نے ماضیِ قریب میں پارلیمنٹ اور جمہوریت کی خاطر ذاتی اور سیاسی فائیدے سے بالاتر ہو کر بھر پور کردار ادا کیا اور ہماری تنقید اور اقدامات کا اسی پس منظر میں دیکھنا چاہئے کہ ہمارے لئے ائین، جمہوریت اور پارلیمنٹ اہم ہیں نہ کہ شخصیات۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایک طرف تو ہم اس مثبت جزبے سے اگے بڑہ رہے ہیں اور دوسری جانب پیپلز پارٹی کے دو سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کا نام اس وقت ای سی ایل میں ڈالنے کا مقصد پیپلز پارٹی پر دباو بڑھانا ہے تاکہ وہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نرم رویہ اختیار کرے اور اس معاملے پر جھک جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جبر اور تشدد سہنے کے باوجود اپنے دور حکومت میں مخالف پارٹی کے کسی کارکن کو کبھی انتقام کا نشانہ بنایا اور نہ کبھی سیاسی گرفتاریاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب کو ایک بار پھر سیف الرحمان والا نیب بنایا گیا تو اس کا نتیجہ بھی اس دور سے مختلف نہیں نکلے گا کہ جب اسے پیپلز پارٹی کے خلاف ظلم ، جبر اور زیادتیوں کی علامت بنا دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق چیرمین سینٹ کے خلاف فوراََ ایف ائی ار کٹ گئی مگر ماڈل ٹاون میں بے گناہوں کے قتل پر اج تک کچھ نہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پانامہ لیکس کے بعدجذباتی ہوگئے ہیں ،انہیں اب سیاستدان بھی دہشتگردآرہے ہیں۔پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے بیٹوں کی آف شورکمپنیوں کاجوذکرہے اس کااعتراف وزیراعظم کے بیٹوں نے خودبھی کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے تمام مسائل خودپیداکئے ہیں ،اپوزیشن کے ٹی اوآرزمیں وزیراعظم کے استعفے کامطالبہ نہیں ہے ،اﷲ کرے وزیراعظم کواپوزیشن کے ٹی اوآرزسمجھ آجائیں ۔انہوں نے کہاکہ سمجھ میں نہیں آرہاکہ وزیراعظم کومشورے کون دے رہاہے اورکون ہے جومیاں صاحب کوجنگ بڑھانے کی طرف دھکیل رہاہے ،لگتاہے کہ آستین کے سانپ میاں صاحب کوڈس رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم خودٹیکس بچائیں گے تودوسروں سے کیسے ٹیکس مانگیں گے ہم حالات کوبگاڑنانہیں ٹھیک کرناچاہتے ہیں