پنجاب اسمبلی کا اجلاس، یہ درست ہے کہ حکومت پنجاب نے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے،رانا مشہود

پنجاب میں جنوری تا مارچ 2012ء کے دوران صرف ایک سکول کو سربمہر کیا گیا جبکہ 16 سکولوں کو جرمانے کئے گئے،صوبائی وزیر کا وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

جمعہ 6 مئی 2016 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) صوبائی اسمبلی پنجاب کا اجلاس جو سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال احمد خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران محکمہ سکولز ایجوکیشن سے متعلق سوالات پوچھے گئے جن جوابات میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے خاتون رکن اسمبلی نگہت شیخ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ حکومت پنجاب نے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبہ پنجاب میں جنوری تا مارچ 2012ء کے دوران صرف ایک سکول کو سربمہر کیا گیا جبکہ 16 سکولوں کو جرمانے کئے گئے۔ ایک اور رکن اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد کے سوال پر صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ گورنمنٹ کمپیرہنسو ہائر سیکنڈری سکول سنگھ پورہ میں اساتذہ کی تعداد 73 ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور رکن اسمبلی فائزہ ملک کے سوال پر کہ ڈی ای او کی لاہور میں کتنی آسامیاں ہیں اور کس کس سکیل کی میں وزیر موصوف نے بتایا کہ ضلع لاہور میں ڈی ای او کی سات پوسٹیں ہیں جن میں 6 پوسٹیں جنرل کیڈر کی ہیں۔

وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ارکان اسمبلی چوہدری فیصل فاروق، نگہت شیخ، شہزاد منشی، جعفر علی ہوجہ، احمد شاہ کھگہ، محمد انیس قریشی، محمد ارشد ملک ایڈووکیٹ سمیت دیگر ارکان اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیا۔ واضح رہے کہ ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کئے گئے سوالات کا تعلق 2013-14ء سے ہے۔