مشنری تعلیمی اداروں نے صوبہ ،خصوصاً کراچی میں تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، گورنر سندھ

جمعہ 6 مئی 2016 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مشنری تعلیمی اداروں نے صوبہ اور خصوصاً کراچی میں تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ان کے ذریعہ طالب علموں کو جدید اور معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہوسکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونونٹ آف جیزز اینڈ میری کی سسٹر میری لینگن سے ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مشنری تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طالب علموں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ ان اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے بھرپور اعتماد کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کا شاندار تعلیمی ریکارڈ تعلیم کے میدان میں انتظامیہ کی لگن اور محنت کا واضح ثبوت ہے گورنر سندھ نے کونونٹ کی نئی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور یقین دلایا کہ اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے جلد آغاز کے لئے سرکاری فنڈز کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ کی تعمیر سے کانونٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور مزید بچے کونونٹ کی معیاری تعلیم سے استفادہ کرسکیں گے۔ سسٹر میری نے کونونٹ کی نئی بلڈنگ کی تعمیر میں تعاون کرنے پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ کونونٹ کی انتظامیہ شہر میں تعلیم کے فروغ کے ضمن میں اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر سسٹر برچمینزبھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :