پنجاب اسمبلی ‘پانامہ لیکس کے خلاف تحر یک التواء کار ایوان میں پیش کر نے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف اپوزیشن کا شدید احتجاج

پانامہ لیکس نے حکمرانوں کے پاجاموں کو اتار دیا ہے ،(ن) لیگ والوں کی لوٹ مار قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے‘ محمودالرشید

جمعہ 6 مئی 2016 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں پانامہ لیکس کے خلاف تحر یک التواء کار ایوان میں پیش کر نے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف اپوزیشن کا شدید احتجاج ‘اپوزیشن لیڈر میاں محمودالر شید نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان کی جانب سے تحر یک التواء پر2گھنٹے بحث کروانے کی پیشکش پر ’’خاموشی‘‘ اختیار کر لی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا‘پنجاب اسمبلی کی سیڑ ھیوں پر بھی اپوزیشن حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتی رہی جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف والوں کا اصل چہر ہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور انکی بہنوں کے نام پر بھی آف شور کمپنیاں بھی سامنے آرہی ہے انکا وہ حال ہونیوالا ہے کہ انکو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالر شید نے سپیکر رانا محمد اقبال خان سے پانامہ لیکس کے معاملے پر آؤٹ آف ٹرن تحر یک التواء کار ایوان میں پیش کر نے کی اجازت مانگتے ہیں کہ پانامہ لیکس نے حکمرانوں کے پاجاموں کو اتار دیا ہے اور (ن) لیگ والوں کی کر پشن اور لوٹ مار قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے اور انکو ا و سکا ہر صورت جواب دینا ہوگا اس موقعہ پر اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر حکومت کیخلاف گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دوکے نعرے لگاتے رہے جس پرصوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی باتوں کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جب چاہے ہم پانامہ لیکس پر بحث کروانے کیلئے تیار ہے اور اب آف شور کمپنیوں میں تحر یک انصاف والوں کی بہنوں کے بھی نام آرہے ہیں اور ہم انکو قوم کے سامنے بے نقاب کر یں گے اور جب انکے اصل چہرے قوم کے سامنے آئیں گے تو انکے منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور میں سپیکر سے بھی کہتاہوں کہ انکو تحر یک التواء کار ایوان میں پیش کر نے کی اجازت دیں لیکن اصل میں اپوزیشن اس پر بحث نہیں کر وانا چاہتی بلکہ یہاں نعرے بازی کے بعد باہر اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کر یں گے اور پھر چلے جائیں گے جسکے بعد سپیکر کے روکنے کے باوجود میاں محمودالرشید کی قیادت میں اپوزیشن حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئی اور تحر یک انصاف کی نبیلہ حاکم علی خان نے کورام کی نشاندہی کر دی مگر5منٹ گھنٹیاں بجانے کے باوجو دکورام پورا نہ ہونے پر سپیکر نے آج (سوموار) 3بجے سہ پہر تک اجلاس ملتوی کردیا ہے۔