شفافیت اور بہتر نظم و نسق موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے،موجودہ دور حکومت میں بدعنوانی کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا،حکومت کی سرمایہ کار اور تاجر دوست پالیسیوں سے معاشی بحالی ممکن ہوئی

وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 6 مئی 2016 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شفافیت اور بہتر نظم و نسق موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے،موجودہ دور حکومت میں بدعنوانی کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا،حکومت کی سرمایہ کار اور تاجر دوست پالیسیوں سے معاشی بحالی ممکن ہوئی ۔ وہ جمعہ کو اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار اور تاجر دوست پالیسیوں سے معاشی بحالی ممکن ہوئی ، اصلاحات کی بدولت معیشت کے شعبے میں بہتری آئی، معاشی سر گرمیوں سے میڈیا کی صنعت کو بھی فائدہ ہوا ہے، اشتہارات کی مد میں محاصل میں اضافہ معاشی سر گرمیوں میں فروغ کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی سے ٹیلی کام صنعت میں بھی انقلاب آیا ہے، ترقیاتی سرگرمیوں سے ہر شعبہ زندگی میں مواقع پیدا ہو رہے ہیں، شفافیت اور بہتر نظم و نسق موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے، موجودہ دور حکومت میں بدعنوانی کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، سرکاری شعبے کے اشتہارات میں شفافیت کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور میڈیا کی صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرپرویز رشید نے اشتہارات کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایت بھی کی

متعلقہ عنوان :