وزیر خزانہ کی ادارہ شماریات کو شہری علاقوں کے ڈیجیٹل نقشہ جات کے منصوبے پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

دیہی علاقوں کا سروے جلد شروع ، تمام جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ، سینیٹر اسحاق ڈار

جمعہ 6 مئی 2016 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ادارہ شماریات کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے شہری علاقوں کے ڈیجیٹل نقشہ جات کے منصوبے پر باقی ماندہ کام جلد مکمل کیا جائے اور دیہی علاقوں کا سروے بھی جلد شروع کیا جائے، تمام جاری منصوبوں کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان بیورو آف سٹیٹکس(پی بی ایس) کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

ادارے کے سربراہ نے ادارے کی مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور ’’اربن رورل ایریاز فریم ایڈیشن‘‘ منصوبے پر تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ پی بی اے کے سرویئرز نے ملک کے شہری علاقوں کے ڈیجیٹل نقشہ پر کافی کام مکمل کرلیا ہے اور باقی کام 6سے 8 ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے کام کیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ نے پی بی ایس کو ہدایت کی کہ دیہاتی علاقوں کا سروے بھی فوری طور پر شروع کیا جائے اور جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

آصف نے آگاہ کیا کہ ادارہ’’ ری بینگ آف نیشنل اکاؤنٹس‘‘پر کام کیا جا رہا ہے اور جن چار سرویئرز جن میں تعمیراتی سروے، چھوٹی گھریلو تعمیراتی صنعتوں کا سروے، رینٹ سروے اور گھروں کی آمدن اور اخراجات کے سروے شامل ہیں مکمل کرلئے ہیں۔ آصف باجوہ نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی بڑھانے کیلئے ٹریننگ پروگرام شروع کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ادارے کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے حوالے سے باقی کام اور ضروری معلومات حاصل کرنے کے حوالے سے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :