2015 کے بلدیاتی انتخابات کا بھرپور جائزہ لیا گیا ہے،عبدالرزاق خان

جو بھی کمزوریاں اور کوتاہیاں رہی ہیں ان پر بھرپور توجہ دی جائے گی ،امیر جماعت اسلامی غربی کراچی

جمعہ 6 مئی 2016 21:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق خان نے ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2015 کے بلدیاتی انتخابات کا آج بھرپور جائزہ لیا گیا ہے۔اس میں جو بھی کمزوریاں اور کوتاہیاں رہی ہیں ان پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور آئندہ انتخابات میں ان کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2018کا انتخاب ہمارا اصل ہدف ہے اس لئے ہمارا پورا فوکس 2018کے انتخاب پر ہے۔جس کیلئے ہم نے اپنا لائحہ عمل تیار کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع غربی میں جماعت اسلامی ایک مضبوط سیاسی قوت ہے اور ابھی سے ہم تیاری کریں تو 2018کے انتخابات میں اس ضلع میں بھرپور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد اس ضلع میں موجود ہے جو اسلام سے محبت کرتی ہے ان نوجوانوں کو جماعت اسلامی کے قریب لانا اور JIیوتھ میں شامل کرانا ہمارا خصوصی ہدف ہے۔

(جاری ہے)

ان نوجوانوں کو اسپورٹس کے ذریعے اور دوسری صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے انہیں JIیوتھ میں شامل کرایا جائے گا اور انشاء اللہ یہ نوجوان اس ملک کی تقدیر کو بدلنے اور خوشحال ,اسلامی اور پر امن پاکستان بنانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام ارکان،کارکنان اور بزرگوں کو ساتھ لے کر جماعت اسلامی کی دعوت اور کام کو آگے بڑھائیں گے۔

مجھے جماعت اسلامی کا مفاد عزیز ہے ،میں اپنے ناراض ساتھیوں کے پاس بھی جاوٴں گا اور ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کروں گا۔میں اللہ اور جماعت اسلامی کو جوابدہ ہوں۔ضلع کی سابقہ قیادت کی صلاحتیوں سیبھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا‘اس طرح جماعت اسلامی کی تنظیم مضبوط ہوگی اور انشاء اللہ 2018کے انتخابات میں بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔